جمعہ، 22-مئی،2026
جمعہ 1447/12/05هـ (22-05-2026م)

قومی اسمبلی کا اجلاس کل تک ملتوی ، نومنتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا، ایوان میں شدید نعرے بازی

29 فروری, 2024 09:01

 

اسلام آباد: قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں نومنتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا ، اجلاس جمعے کی صبح تک ملتوی کردیا گیا۔

حلف برادری کے بعد بھی  نعرے بازی کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے نو منتخب اراکین سے حلف لیا اور حلف کے بعد اراکین رول آف ممبرز پر دستخط کئے گئے ۔

مسلم لیگ ن اور سنی اتحاد کونسل کے اراکین اسمبلی کی جانب سے  شدید نعرے بازی کی گئی ۔

لیگی ارکان کی جانب سے گھڑی چور گھڑی چور کے نعرے جب کے اپوزیشن کے آئی آئی پی ٹی آئی اور کون بچائے گا پاکستان کے نعرے لگائے گئے  ۔

نامزد اسپیکر سردار ایاز صادق، ڈپٹی اسپیکر، آصف زرداری، بلاول بھٹو، نواز شریف، شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر اراکین نے رول ممبرز پر دستخط کیے۔

مسلم لیگ ن کے نامزد وزیراعظم شہباز شریف، سینیٹر اسحاق ڈار، نور عالم خان سمیت دیگر اراکین پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی مہمانوں کی گیلری میں موجود تھیں۔

اپوزیشن کی جانب سے وزیر اعظم کے لئے نامزد عمر ایوب نے قومی اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ راجا پرویز اشرف نے بطور اسپیکر حلف کی پاسداری کی، ہم نے جو حلف اٹھایا اس میں لکھا ہے قانون کی پاسداری کریں گے، عالیہ حمزہ جیل میں ہیں ان کا نام مخصوص نشستوں کی فہرست میں ہے۔

بیرسٹر گوہر نے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے مینڈیٹ دے کر ایوان میں بھیجا ، الیکشن کے نتائج فارم 45کے مطابق ہوتے ہیں،
ہماری لیڈر شپ کو روکا گیا، باور کرایا گیا کہ عوام ہمیں بھول جائیں گے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ کے مطابق ہماری تعداد 186ہے، اسپیکر کا الیکشن تب ہوتا ہے جب اسمبلی پوری ہو، عوام کا نمائندہ تب بن سکتے ہیں جب عوام کا مینڈیٹ ہو، آئین پر عملدرآمد کیے بغیر ملک آگے نہیں لے جایا جاسکتا۔

خواجہ آصف نے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ سنی اتحاد کونسل نے مخصوص نشست کیلئے کوئی فہرست نہیں دی، وہ سب یہاں بیٹھے ہیں جنہوں نے لسٹ دینی تھی نہیں دی،ایک لیٹر کل کورٹ میں ڈسپلے ہوا کہا گیا ہم نے کوئی لسٹ نہیں دی۔

خواجہ آصف نے اپوزیشن کی جانب سے بار بار احتجاج کر نے پر قومی اسمبلی میں گھڑی لہرادی۔

 

سردار ایاز صادق نے اسپیکر قومی اسمبلی اور پیپلز پارٹی کے غلام مصطفیٰ شاہ نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے۔ سیکٹری قومی اسمبلی نے ایوان کے اندر ہی کاغذات نامزدگی وصول کیے۔

سنی اتحاد کونسل کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے ملک عامر ڈوگر جبکہ ڈپٹی اسپیکر کے لیے جنید اکبر خان کے کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے۔

اجلاس شروع ہونے سے قبل کی کاروائی 

قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل ایوان میں شور شرابا جاری ہے،سنی اتحاد کونسل کے ارکان کا اسپیکر ڈائس کے سامنے احتجاج جاری ہے جس کی وجہ سے اجلاس شروع نہ ہوسکا۔

نواز شریف، شہباز شریف، حمزہ شہباز اسمبلی چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور آصفہ بھٹو بھی ایوان میں موجود ہیں۔

 

مجوزہ شیڈول کے مطابق 29 فروری کو 16 ویں قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نو منتخب ارکان سے حلف لیں گے، حلف کے بعد تمام ارکان رجسٹر پر دستخط بھی کریں گے۔

قومی اسمبلی میں پہلے مرحلہ کی تکمیل کے بعد دوسرے مرحلے میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی جمع ہوں گے، جس کے بعد اگلے مرحلے میں خفیہ رائے شماری کے ذریعے ایوان کے نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہوگا۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے الیکشن کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے، دونوں عہدوں کیلئے امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی دن 12 بجے سے پہلے جمع کروا سکیں گے، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا الیکشن یکم مارچ بروز جمعہ کو ہوگا۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق وزیراعظم کے انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی 3 مارچ کو جمع ہوں گے جبکہ چار مارچ کو وزیر اعظم کا انتخاب کیا جائے گا۔

شہباز شریف کو دوسری بار وزیر اعظم بننے کیلئے 169 ووٹ درکار ہیں، اس وقت مسلم لیگ ن اور اتحادیوں کو 200 سے زائد ارکان کی حمایت حاصل ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس جانے والے راستوں پر سیکیورٹی انتہائی سخت کی گئی ہے۔ ریڈ زون میں داخلے کے لیے سرینا چوک، نادرا چوک اور ڈی چوک والے راستے بند ہیں جبکہ ریڈزون میں داخلے کے لیے مارگلہ روڈ کا راستہ کھلا رکھا گیا ہے۔

ریڈزون جانے والے راستوں پر پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات ہے، گاڑیوں کی مکمل چیکنگ کے بعد ریڈزون میں داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔

یہ پڑھیں : وزیراعظم، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کا انتخاب کیسے ہوگا؟

Catch all the Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔