خیبرپختونخوا پولیس کا کمانڈ اسٹرکچر تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے: طلال چوہدری

طلال چوہدری نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا پولیس کا کمانڈ اسٹرکچر تباہ کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی، صوبوں کو مطلق اختیارات حاصل نہیں ہیں۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد پولیس اور امن و امان کا شعبہ صوبائی سبجیکٹ ہے لیکن اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ صوبائی حکومتیں مطلق اختیارات استعمال کرتے ہوئے پولیس کا پورا ڈھانچہ ہی تباہ کر دیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس سروس پرووینشل رولز آئین اور سپریم کورٹ کے اصولوں کے تحت بنائے گئے ہیں، جنہیں اوور رائٹ نہیں کیا جا سکتا۔ کے پی پولیس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں روزانہ کی بنیاد پر قربانیاں دے رہی ہے، اس لیے اس کا کمانڈ اسٹرکچر کسی صورت متاثر نہیں ہونا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کی بازگشت، وفاقی حکومت کی مشاورت شروع
انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ صرف آئی جی کے اختیارات ہی نہیں بلکہ ڈی ایس پیز اور ایڈیشنل آئی جیز کے تقرری کے اختیارات بھی واپس لے لیے گئے ہیں۔
لیگی رہنماء نے صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے کے پی پولیس کو درکار وسائل، جدید سہولیات، بلٹ پروف جیکٹس، بلٹ پروف گاڑیوں، سیف سٹی اور فرانزک لیبز سے محروم رکھا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس کی تنخواہیں اور شہداء پیکج دیگر صوبوں کی نسبت کم ہیں جبکہ سی ٹی ڈی کی عمارتیں کرائے پر چل رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کی نگرانی کے لیے بننے والی کمیٹیوں میں صرف اپنے من پسند افراد کو شامل کرکے پولیس کو سیاسی کنٹرول میں دینے کی کوشش کی جا رہی ہے، جسے ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








