ہفتہ، 1-اگست،2026
ہفتہ 1448/02/18هـ (01-08-2026م)

پاکستان نے آئی ایم ایف سے ایک اور مدد مانگ لی

22 اکتوبر, 2024 14:58

پاکستان نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے کلائمیٹ فنانسنگ کے تحت مزید 2 ارب ڈالر کی درخواست کردی۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی سربراہی میں پاکستان کے معاشی وفد نے امریکا میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاسوں کے دوران آئی ایم ایف کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر کینجی اوکامورا سے ملاقات کی۔

پاکستانی وفد نے ملک میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے میں مدد کے لئے 1.5 سے 2 بلین ڈالر کی ماحولیاتی فنانسنگ کی درخواست کی۔ اس کے جواب میں آئی ایم ایف حکام نے یقین دہانی کرائی کہ درخواست پر غور کیا جائے گا۔

اجلاس میں سیکریٹری خزانہ اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر سمیت اہم حکام نے شرکت کی جس میں مختلف معاشی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے آئی ایم ایف حکام کو ٹیکس بیس بڑھانے، صوبائی زرعی انکم ٹیکسوں کو وفاقی ٹیکسوں کے ساتھ ہم آہنگ کرنے، سبسڈیز میں توازن پیدا کرنے اور مالی وسائل میں اضافے کے لیے توانائی کی قیمتوں کو کم کرنے کے طریقے تلاش کرنے سے آگاہ کیا۔

نجی شعبے کی ترقی میں تیزی لانے کے ساتھ ساتھ مالیاتی اور بیرونی شعبوں میں دانشمندانہ پالیسیوں کے تسلسل سے متعلق اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایم ایف کے ڈپٹی ایم ڈی نے پاکستان کو مالیاتی ادارے کی سفارشات کے مطابق اصلاحات پر عمل درآمد جاری رکھنے کی اہمیت اور ضرورت پر زور دیا اور طویل مدتی معاشی استحکام کے لئے ان کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر جہاد ازور سے ایک علیحدہ ملاقات میں پاکستانی وفد نے 7 ارب ڈالر کی توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کی منظوری کے ذریعے پاکستان کی معیشت کے استحکام میں آئی ایم ایف کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

Catch all the Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔