منگل، 31-مارچ،2026
منگل 1447/10/12هـ (31-03-2026م)

بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان نہیں آئے گی، میڈیا کا دعویٰ

08 نومبر, 2024 16:17

اسلام آباد: بھارتی میڈیا کے مطابق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارتی ٹیم پاکستان کا دورہ نہیں کرے گی۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو اپنے فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے بھارت کے میچز دبئی منتقل کرنے کا کہا ہے۔

بھارت کے مطابق یہ ہمارا موقف رہا ہے اور اسے تبدیل کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ ہم نے انہیں خط لکھا ہے اور ان سے کہا ہے کہ وہ اپنے گیمز کو دبئی منتقل کریں۔

مزید پڑھیں:انگلش کرکٹر بین اسٹوکس کے گھر پر چوری ہوگئی

ذرائع کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی حکومت کی مشاورت سے پاکستان کے بارے میں اپنے موقف پر قائم ہے۔ گزشتہ سال ایشیا کپ سے قبل بھارت نے میزبان پاکستان کے دباؤ کے باوجود اپنے میچز سری لنکا منتقل کرنے میں کامیابی حاصل کی تھی۔

اس سے قبل یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ بھارت کے وزیر خارجہ ایس جئے شنکر کے اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان کے دورے کے بعد دونوں ممالک کرکٹ تعلقات کو معمول پر لا سکتے ہیں۔

پی سی بی کا بھارت سے متعلق ردعمل سامنے آ گیا۔

دوسری جانب چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہںا تھا 2 ماہ سے انڈین میڈیا خبریں چلا رہا ہے کہ بھارت پاکستان نہیں آرہا، کل رات بھی ایسی خبریں چلیں مگر ہمیں تب قابل قبول ہوگا اگر انڈین بورڈ یا آئی سی سی کوئی ریٹرن لیٹر ہمیں دے کہ انڈیا پاکستان نہیں آرہا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا پاکستان نے ہمیشہ بھارت کو ہمیشہ اچھا جیسٹر دیا ہے،چیمپینز ٹرافی کا کوئی بھی ہائی برڈ ماڈل ہمیں قابل قبول نہیں ہوگا اگر بھارتی ٹیم پاکستان نہیں آتی تو اپنی گورنمنٹ سے بات کرکے فیصلہ کریں گے۔

چیرمین پی سی بی نے مزید کہا قذافی اسٹیڈیم کے قریب ہم نے ہوٹل کے لیے جگہ لے لی ہوئی ہے چیمپینز ٹرافی قذافی اسٹیڈیم کی تیاریوں میں مصروف ہیں اب اس پر کام نہیں ہورہا۔

خیال رہے کہ دنیا کی ٹاپ 8 ٹیمیں 19 فروری سے 9 مارچ تک کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گی۔ واضح رہے کہ ہندوستان نے آخری بار 2008 کے ایشیا کپ میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

Catch all the Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔