پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو آسٹریلیا کے ہاتھوں عبرتناک شکست

پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو آسٹریلیا کے ہاتھوں عبرتناک شکست
آسٹریلیا نے تین میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو 29 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔
برسبین میں بارش نے میچ کو شدید متاثر کیا جس کے باعث اسے 20 کے بجائے 7 اوورز فی اننگز تک محدود کیا گیا، پاکستان نے ٹاس جیت کر میزبان آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
میچ کی پہلی اننگ میں آسٹریلیا کی جانب سے گلین میکسویل 19 گیندوں پر 43 رنز کی شاندار اننگز کھیل کے آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 5 چوکے اور 3 چھکے شامل ہیں۔
اس کے علاوہ مارکس اسٹونس ناقابل 21، میتھیو شارٹ 7، جیک فریسر اور ٹم ڈیوڈ 9،9 رنز بنا سکے اور اس طرح آسٹریلیا نے مقررہ سات اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 93 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور نسیم شاہ نے ایک ایک جب کہ عباس آفریدی نے دو کھلاڑیوں کو پویلیئن کی راہ دکھائی۔
94 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے میں قومی ٹیم بُری طرح ناکام ہوئی، پاکستانی بلے باز یکے بعد دیگر وکٹیں گنوا کر پویلیئن لوٹتے گئے اور یوں کینگروز نے پاکستان کو 29 رنز سے پچھاڑ ڈالا۔
کپتان محمد رضوان بغیر کوئی رن بنائے وکٹ گنوا بیٹھے جب کہ صاحبزادہ فرحان بھی پہلے ہی اوور میں پویلیئن لوٹے، اس کے علاوہ بابر اعظم 3، سلمان آغا 4، عثمان خان 4، عرفان صفر پر آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے ثیویئر برلیٹ اور نیتھن ایلس نے تین، تین اور اسپینسر جانسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی جانب سے حسیب اللہ اور سلمان علی آغا نےآسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کیا۔
اس فارمیٹ میں دونوں ٹیمیں آخری بار مارچ 2022 میں لاہور میں آمنے سامنے آئی تھیں جس میں آسٹریلیا نے کامیابی حاصل کی تھی۔
Catch all the Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












