سپریم کورٹ کے 6 نئے ججز نے عہدے کا حلف اٹھا لیا

سپریم کورٹ کے 6 نئے ججز نے عہدے کا حلف اٹھا لیا
سپریم کورٹ میں لوئر کورٹس سے ترقی پا کر تعینات ہونے والے 6 نئے ججز نے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے نئے ججز سے عہدے کا حلف لیا۔
عہدے کا حلف لینے والے ججز میں جسٹس عامر فاروق، جسٹس ہاشم کاکڑ، جسٹس اشتیاق ابراہیم، جسٹس شکیل احمد، جسٹس شفیع صدیقی اور جسٹس صلاح الدین پنہور شامل ہیں۔
اس کے علاوہ تقریب حلف برداری میں جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بھی بطور ایکٹنگ جج سپریم کورٹ حلف لیا۔
سپریم کورٹ میں ہونے والی تقریب حلف برداری میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج محسن اختر کیانی، اٹارنی جنرل، وکلاء، ججز کے اہل خانہ اور مختلف بار کے نمائندوں نے شرکت کی۔
یاد رہے کہ چند روز قبل چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت ہونے والے جوڈیشل کمیشن کے اجلاس نے 6 ججز کی تعیناتی کی منظوری دی تھی۔
جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر نے جوڈیشل کمیشن کے اجلاس کی کارروائی نہ روکنے پر اجلاس کابائیکاٹ کیا تھا جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور بیرسٹر علی ظفر بھی اجلاس میں شریک نہیں ہوئے تھے۔
جوڈیشل کمیشن نے بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس ہاشم خان کاکڑ، چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ اشتیاق ابراہیم، سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس شفیع صدیقی اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کے ناموں کی منظوری دی تھی۔
اس کے علاوہ جوڈیشل کمیشن اجلاس میں سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس صلاح الدین پنہور اور پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس شکیل احمد کو بھی سپریم کورٹ کا جج بنانے کی منظوری دی گئی تھی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










