جمعرات، 11-جون،2026
جمعرات 1447/12/25هـ (11-06-2026م)

مصطفیٰ قتل کیس؛ اداکار ساجد حسن کے بیٹے کے انکشافات نے کھلبلی مچا دی

24 فروری, 2025 11:32

مصطفیٰ عامر قتل کیس میں گرفتار ساجد حسن کے بیٹے ساحر حسن نے تہلکہ خیز انکشافات کر دیے۔

سی آئی اے پولیس کی تفتیش کے دوران ساجد حسن کے بیٹے ساحر حسن نے گزشتہ 2 سال سے منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے جبکہ مصطفیٰ قتل کیس کے ملزم ارمغان کو بھی منشیات فراہم کرتا تھا۔

مزید پڑھیں:مصطفیٰ عامر قتل کیس؛ اداکار ساجد حسن کا بیٹا کیوں گرفتار ہوا؟

مزید پڑھیں:مصطفیٰ کیس؛’لڑکی سے ناراضگی نے ارمغان کو پاگل کردیا‘، ملزم شیراز کے تہلکہ خیز انکشافات

مصطفیٰ عامر قتل کیس میں سی آئی اے پولیس کی جانب سے ساحر حسن کو 2 روز پہلے گرفتار کیا گیا تھا، جس کے قبضے سے 50 لاکھ روپے مالیت کی منشیات بھی برآمد ہوئی۔ پولیس کے مطابق ساحر حسن کے پاس سے غیر ملکی برانڈ کی منشیات برآمد ہوئی ہے اور وہ دو سال سے منشیات فروشی میں ملوث تھا۔

پولیس ذرائع کے مطابق اس گرفتاری کے بعد بزنس کمیونٹی، بیوروکریٹس اور شوبز انڈسٹری میں کھلبلی مچ گئی ہے تاہم ایلیٹ کلاس میں گیٹ ٹو گیدر کے نام پر منشیات کا استعمال عام ہو چکا ہے۔

ساحر حسن کیخلاف مقدمہ درج

اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے سرکار کی مدعیت میں ملزم ساحر حسن کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مقدمے میں لکھا گیا کہ ڈیفنس خیابان راحت فیز 6 کی گلی نمبر 6 میں منشیات فروشی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی، جہاں ملزم کو ساڑھے 4 بجے پکڑا گیا جس نے اپنا نام ساحر حسن بتایا۔

ایف آئی آر کے مطابق گرفتاری کے وقت ملزم کے کندھے پر کالے رنگ کا بیگ تھا، جس میں سے 5 پیکٹ ویڈ کے برآمد ہوئے۔ پولیس کے مطابق بیگ سے ڈیجیٹل ترازو اور دیگر سامان بھی ملا، جبکہ ملزم کے قبضے سے موبائل فون اور نقدی بھی برآمد کی گئی۔

ایس آئی یو حکام کا کہنا ہے کہ ملزم یحییٰ اور بازل نامی منشیات فروشوں سے ویڈ حاصل کرکے کراچی کے پوش علاقوں میں فروخت کرتا تھا۔ مقدمے کے متن کے مطابق برآمد ہونے والی ویڈ کا وزن 557 گرام تھا۔

ساحر ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

پولیس کی جانب سے ملزم ساحر حسن کو آج انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں پولیس کی جانب سے ملزم کیخلاف 5 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی جس پر عدالت نے ملزم کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

2 روز قبل مقدمہ درج کرنے کے بعد ساحر خان کو ایس آئی یو نے جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں پیش کیا تھا، جہاں تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم کے قبضے سے 500 گرام سے زائد منشیات برآمد ہوئی ہے۔

ملزم کے وکیل فراز فہیم ایڈووکیٹ نے کہا تھا کہ ساحر حسن کو مقدمے میں پھنسایا گیا ہے، ساحر کا درخشاں پولیس کے ساتھ تنازع چل رہا ہے۔ ساحر حسن کے وکیل نے کہا کہ میرے مؤکل نے درخشاں پولیس کے خلاف دھمکیاں دینے کا کیس دائر کیا تھا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔