آذربائیجان سے بہترین برادرانہ تعلقات کیلئے سیاسی قیادت متحد ہے، وزیر اعظم

آذربائیجان سے بہترین برادرانہ تعلقات کیلئے سیاسی قیادت متحد ہے، وزیر اعظم
وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آذربائیجان سے بہترین برادرانہ تعلقات کیلئے سیاسی قیادت متحد ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان، آذربائیجان کے مابین مفاہمتی یادداشتوں و معاہدوں کے تبادلوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان دورے کی دعوت اور میزبانی پر صدر الہام علیوف کا مشکور ہوں۔
انہوں نے کہا کہ باکو کی طرح اسلام آباد کو بھی خوبصورت بنانے میں مصروف ہیں، صدر آذر بائیجان کے ساتھ تعمیری مذاکرات ہوئے، صدر الہام علیوف کے پاکستانی عوام کے ساتھ لگاؤ پر فخر ہے، دونوں ممالک کے تعلقات نئی بلندیوں پر پہنچ گئے۔
شہباز شریف نے کہا کہ مشترکہ منصوبوں سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ ہوگا، آذربائیجان سے بہترین برادرانہ تعلقات کیلئے سیاسی قیادت متحد ہے، طے شدہ معاہدوں کو ایک ماہ میں حتمی شکل دیں گے، اپریل میں صدر آذر بائیجان کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اپریل میں 2 ارب ڈالر کے معاہدوں پر اسلام آباد میں دستخط ہوں گے، مسئلہ کشمیر پر آذربائیجان کی حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہیں، مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق عمل ہونا چاہیے، غزہ میں مستقل جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہیں، انفرااسٹرکچر کوریڈور وقت کی اہم ضرورت ہے۔
دوسری جانب صدر آذربائیجان الہام علیوف نے پاکستان، آذربائیجان کے مابین مفاہمتی یادداشتوں و معاہدوں کے تبادلوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی شراکت داری پر خوشی ہے، وزیر اعظم شہبازشریف کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کو فروغ دے رہے ہیں، دونوں ممالک ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھیں گے، خطے کی صورتحال، سلامتی کے امور پر یکساں نقطہ نظر رکھتے ہیں، پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
الہام علیوف نے کہا کہ غزہ اور خطے کی صورتحال پر دونوں ممالک کا یکساں مؤقف ہے، دونوں ممالک میں دفاعی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا، مختلف شعبوں میں معاہدے دوطرفہ تعلقات میں اہم پیش رفت ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










