جمعرات، 11-جون،2026
بدھ 1447/12/24هـ (10-06-2026م)

محکمہ موسمیات نے تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی

27 فروری, 2025 11:51

محکمہ موسمیات نے تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی ہے۔

محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی اور وسطی پنجاب کے ساتھ ساتھ اسلام آباد میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔

موسمیاتی ادارے کے مطابق ملک کے شمالی اور وسطی علاقوں میں موسم کی خرابی کا سلسلہ جاری رہے گا، جبکہ کچھ مقامات پر ژالہ باری کے بھی امکانات ہیں۔

آج بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور شمال مشرقی پنجاب کے بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش اور پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کچھ مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے، جس سے زرعی زمینوں اور فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ اسی طرح، راولپنڈی، اٹک، چکوال، میانوالی، سرگودھا، خوشاب، جہلم، گجرات، منڈی بہاؤالدین، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، لاہور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، نورپور تھل اور ان کے اطراف میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

مری، گلیات اور ان کے اردگرد کے علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش ہوگی، جبکہ کچھ مقامات پر تیز بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ ایبٹ آباد، پشاور، مانسہرہ، دیر، چترال، کوہستان، سوات، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، صوابی، مردان، مالاکنڈ، باجوڑ، مہمند، خیبر، کرم، نوشہرہ، چارسدہ، کوہاٹ، ہنگو، اورکزئی، کرک، بنوں، وزیرستان، لکی مروت اور ڈی آئی خان میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کی توقع ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔ کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، جھل مگسی، چاغی، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، قلات، ژوب، موسیٰ خیل، لورالائی، بارکھان، سبی، ڈیرہ بگٹی، نصیر آباد، کوہلو، خضدار، خاران، پنجگور، دالبندین اور نوکنڈی میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری ہو سکتی ہے۔ سندھ کے بالائی اضلاع میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کل سے ملک کے بالائی علاقوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔ مری، گلیات، ناران، کاغان، دیر، سوات، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ، اسکردو، کوہستان، مانسہرہ، وادی نیلم، باغ، پونچھ اور حویلی میں بارش کی توقع ہے۔

موسمیاتی ادارے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسم کی خرابی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ بالخصوص پہاڑی علاقوں میں سیاحوں کو انتہائی محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔