وزیراعظم نے 20 ارب روپے کے رمضان ریلیف پیکج 2025 کا اجرا کردیا

گزشتہ رمضان کے مقابلے اس بار مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی ہے، وزیراعظم
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے 20 ارب روپے کے رمضان ریلیف پیکج 2025 کا اجرا کردیا ہے۔
رمضان پیکج 2025 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ مدرسہ حقانیہ میں دہشتگردی کے حملے کی مذمت کرتے ہیں، گزشتہ روز نوشہرہ میں دہشتگردی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشتگردی کے ناسور کا خاتمہ کرکے دم لیں گے، دہشتگردی کے نتیجے میں مولانا حامدالحق و دیگر پاکستانی شہید ہوئے، یقین ہے کے پی حکومت فوری قاتل دہشتگردوں کا احاطہ کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے ناسور کو دفن کرنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، ماضی میں بھی ہم نے دہشتگردی کا خاتمہ کیا، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں 80 ہزار پاکستانیوں نے قربانیاں دیں۔
محمد شہباز شریف نے کہا کہ ہر طبقہ فکر کے لوگوں نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے جان کے نذرانے پیش کیے، حالیہ برسوں میں ہونیوالی دہشتگردی کی وجوہات سب جانتے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کرپشن کے ذریعے غریبوں کا پیسہ لوٹا گیا، اس بار رمضان پیکج میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا، اس بار رمضان پیکج کو انتہائی آسان بنایا ہے، اب لمبی قطاروں میں نہیں کھڑا ہونا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ محصولات میں اضافے اور معاشی بہتری کیلئے مربوط اقدامات جاری ہیں، رمضان پیکج سے چاروں صوبوں سے مستحق خاندان مستفید ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیکج سے آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے مستحق خاندان بھی مستفید ہونگے، گزشتہ سال 7 ارب کے رمضان پیکج کے مقابلے اس بار 3 گنا بڑھایا، گزشتہ رمضان کے مقابلے اس بار مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی ہے۔
محمد شہباز شریف نے کہا کہ 40 لاکھ مستحق خاندانوں کو ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے 5 ہزار دیے جائیں گے، 40 لاکھ خاندان اور 2 کروڑ افراد مستفید ہونگے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










