بلوچستان میں پاک افغان سرحد کے قریب سیکیورٹی فورسز کا آپریشن؛ افغانستان سے دراندازی کے مزید شواہد سامنے آ گئے

بلوچستان میں پاک افغان سرحد کے قریب سیکیورٹی فورسز کا آپریشن؛ افغانستان سے دراندازی کے مزید شواہد سامنے آ گئے
بلوچستان میں پاک افغان سرحد کے قریب سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کیا جس کے نتیجے میں افغانستان سے دراندازی کے مزید شواہد سامنے آ گئے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات میں افغان دہشتگردوں کے ملوث ہونے میں بتدریج اضافہ ہوا ہے، افغانستان سے دہشتگردوں کی پاکستان میں دراندازی بڑھنے لگی ہے، مختلف دہشتگرد تنظیموں کو افغان طالبان کی مکمل حمایت، سہولت کاری اور سر پرستی حاصل ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ 5 مارچ 2025 کو بلوچستان میں پاک افغان سرحد کے قریبی علاقے ٹوبہ کاکڑی میں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کیا، آپریشن میں 4 اہم دہشتگرد گرفتار کر لئے گئے، گرفتار دہشتگردوں سے کلاشنکوفیں، دستی بم اور دیگر آتشیں اسلحہ برآمد ہوئے، گرفتار دہشتگردوں نے دہشتگردی کی بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کا اعتراف کر لیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشتگرد نے اعترافی بیان میں کہا کہ میرا نام اسام الدین ہے، والد کا نام گلشاد ہے، میں افغانستان سے آیا ہوں، ہمارانظریہ ہماری ٹریننگ ہے، میرے پاس دو بندوقیں، دو کلاشنکوف، ایک گرنیڈ اور دیگر اسلحہ موجود تھا، ہم افغانستان سے 3 دن پہلے پاکستان میں داخل ہوئے، ہم سرحدی باڑ کے ذریعے رات میں چوری سے پاکستان میں داخل ہوئے، ہم نے آگے پشین جانا تھا۔
سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف اس آپریشن کی کامیابی میں مقامی لوگوں نے اہم کردار ادا کیا، گرفتار دہشتگردوں کو مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا، پہلے بھی کئی افغان دہشتگرد سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں جہنم واصل ہو چکے ہیں، ہلاک افغان دہشتگردوں میں افغان صوبے باغدیس کے گورنر کا بیٹا خارجی بدرالدین بھی شامل تھا، 28 فروری 2025 کو ہلاک ہونے والا افغان دہشتگرد مجیب الرحمان افغانستان کی حضرت معاذ بن جبل نیشنل ملٹری اکیڈمی میں کمانڈر تھا۔
دفاعی ماہرین کے مطابق مقامی لوگوں کا دہشتگردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ لڑنا خوش آئند امر ہے، پاکستان میں دہشتگردی کی لہر میں اضافے کی بنیادی وجہ افغانستان کی سرزمین پر پنپتی دہشتگرد تنظیمیں ہیں، افغانستان دہشتگردوں کی آماجگاہ بن چکا ہے جس پر بین الاقوامی سطح پر فوری کارروائی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے ساتھ پاکستان میں گھسنے والے زیادہ تر افغان شہری یا تو مارے جاتے ہیں یا پکڑے جاتے ہیں، پاکستان کے بار بار شواہد دینے کے باوجود افغان عبوری حکومت کی خاموشی دراصل دہشت گردوں کی حمایت ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











