پاکستان میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری) کی زیر صدارت 268ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی، جس کا آغاز افواج پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے فاتحہ خوانی سے ہوا۔
فورم کو خطے کی موجودہ صورتحال، قومی سلامتی کے چیلنجز اور پاکستان کی دفاعی حکمت عملی کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی جبکہ کانفرنس میں علاقائی اور داخلی سلامتی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
آرمی چیف نے کسی بھی قیمت پر دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔
کانفرنس میں فورم نے واضح کیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کرنے والے ملک دشمن عناصر، ان کے سہولت کاروں اور حوصلہ افزائی کرنے والوں کے خلاف ریاست پوری طاقت سے کارروائی کرے گی۔
بلوچستان کے حوالے سے فورم نے زور دے کر کہا کہ صوبے میں امن کو خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
کانفرنس میں کہا گیا کہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی میں رکاوٹ ڈالنے والے عناصر کو عوامی حمایت سے ناکام بنایا جائے گا۔
آرمی چیف نے نیشنل ایکشن پلان کے مؤثر نفاذ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام سرکاری اداروں کو مربوط کوششوں کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔
سربراہ پاک فوج نے دہشت گردی کی مالی معاونت روکنے کے لیے سخت اقدامات کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔
فورم نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کو دہرایا جبکہ فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے غزہ میں اسرائیلی جنگی جرائم کی مذمت بھی کی گئی۔
کانفرنس کے اختتام پر آرمی چیف نے فوجی کمانڈرز کو آپریشنل تیاریوں کو عروج پر رکھنے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











