پیر، 11-مئی،2026
پیر 1447/11/24هـ (11-05-2026م)

مون سون کا خطرناک اسپیل آج کراچی پر برسنے کو تیار

09 ستمبر, 2025 10:18

محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں آج موسلا دھار سے شدید موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے اربن فلڈنگ کے خطرے سے خبردار کیا ہے۔

 ماہرین موسمیات کے مطابق شہر میں آج بارش کے چار سے چھ اسپیل متوقع ہیں، جن میں بعض مقامات پر 100 ملی میٹر سے زائد بارش ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ غیر معمولی موسمی نظام بھارت کی جانب سے سندھ میں ڈیپریشن یا ڈیپ ڈیپریشن کی صورت میں داخل ہو رہا ہے، جس کا راستہ غیر واضح اور پیچیدہ ہے۔ اسی وجہ سے بارش کی شدت شہر کے مختلف علاقوں میں مختلف ہو سکتی ہے۔

شدید بارشوں کے پیش نظر نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور بجلی کے کھمبوں، ننگی تاروں اور گہرے پانی سے دور رہیں۔ دریں اثنا، گزشتہ روز ملیر ندی میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی تھی، جو طویل عرصے سے خشک تھی۔

موسمی حالات کے پیش نظر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی نے آج ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کر دیے ہیں اور ’ورک فرام ہوم‘ پالیسی نافذ کرتے ہوئے تمام کلاسز آن لائن لینے کا اعلان کیا ہے۔ یونیورسٹی کی وائس چانسلر کا کہنا ہے کہ طلبہ اور عملے کی جان و مال کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ کراچی میں گزشتہ روز سے وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں سے پانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ موسمیات نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو اداروں سے رابطہ کریں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔