اتوار، 10-مئی،2026
اتوار 1447/11/23هـ (10-05-2026م)

وزیراعظم کا وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے رابطہ، بنوں حملے کی شدید مذمت

10 مئی, 2026 15:16

وزیراعظم نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے بنوں میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بنوں میں پولیس چوکی پر ہونے والے دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کے تناظر میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔

اس گفتگو کے دوران وزیراعظم نے دہشت گردی کے واقعے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی اور حملے میں ہونے والے قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے جام شہادت نوش کرنے والے پولیس اہلکاروں کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور ان کے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے حملے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے بھی خصوصی دعا کی۔

وزیراعظم نے گفتگو کے دوران واضح کیا کہ وفاقی حکومت ملک سے دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے لیے تمام صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بنوں میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کا بڑا حملہ، 7 اہلکار شہید اور متعدد زخمی

انہوں نے وزیراعلیٰ کو یقین دلایا کہ دہشت گردی کے خلاف اس جاری جنگ میں وفاق خیبر پختونخوا حکومت کو ہر قسم کی تکنیکی، مالی اور سیکیورٹی سے متعلق معاونت فراہم کرے گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیے جائیں گے اور امن و امان کی بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی کے خلاف برسرپیکار پاک افواج، سیکیورٹی فورسز اور بالخصوص خیبر پختونخوا پولیس کے جوانوں کو ان کی جرات اور بہادری پر بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہماری فورسز نے اپنی جانوں کے نذرانے دے کر ملک کا دفاع کیا ہے اور ان کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی اور انتہا پسندی کے مکمل خاتمے کے لیے اپنے پختہ عزم پر قائم ہے اور اس مقصد کے حصول تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔