وفاقی وزیر داخلہ کی بنوں میں چوکی پر خودکش حملے کی شدید مذمت

وفاقی وزیر داخلہ نے بنوں کے علاقے فتح خیل میں پولیس چوکی پر ہونے والے خودکش حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے اہلکاروں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنوں کے علاقے فتح خیل میں واقع پولیس چوکی پر ہونے والے دہشت گردوں کے خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اپنے بیان میں وزیر داخلہ نے اس بزدلانہ حملے میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اہلکاروں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان جوانوں نے فرض کی راہ میں شہادت کا عظیم رتبہ پایا ہے۔
انہوں نے شہداء کے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور ان قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
محسن نقوی نے حملے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور ہدایت کی کہ انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں غیر رجسٹرڈ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن شروع
انہوں نے اپنے بیان میں خیبر پختونخوا پولیس کے حوصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ فورس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر کھڑی ہے اور دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس کے جوانوں نے ہمیشہ محدود وسائل کے باوجود جرات کی نئی داستانیں رقم کی ہیں اور اپنی قیمتی جانیں قربان کر کے عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردوں کی ایسی بزدلانہ کارروائیاں ہماری فورسز کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں اور ملک کے چپے چپے سے دہشت گردی کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔
وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ ریاست اپنے شہداء کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لے گی اور ان بزدل دشمنوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








