اتوار، 10-مئی،2026
اتوار 1447/11/23هـ (10-05-2026م)

ہنگو میں بڑی تباہی کا منصوبہ ناکام، 16 کلو بم برآمد

10 مئی, 2026 15:22

ہنگو میں پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مین ہائی وے پر نصب 16 کلو وزنی ریموٹ کنٹرول بم کو ناکارہ بنا کر شہر کو بڑی تباہی سے بچا لیا ہے۔

خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں دہشت گردی کی ایک بڑی کوشش کو پولیس اور بم ڈسپوزل سکواڈ نے ناکام بنا دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نامعلوم دہشت گردوں نے تھانہ صدر کے قریب مین ہائی وے پر واقع ایکسچینج کے سامنے ایک انتہائی طاقتور ریموٹ کنٹرول بم (آئی ای ڈی) نصب کر رکھا تھا، جس کا مقصد بڑی جانی و مالی تباہی پھیلانا تھا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ماہرین فوری طور پر موقع پر پہنچے اور علاقے کو سیل کر دیا۔

بی ڈی ایس انچارج اسد نے میڈیا کو بتایا کہ برآمد ہونے والا بم 16 کلو وزنی تھا اور اسے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے اڑانے کے لیے تیار کیا گیا تھا۔ بی ڈی ایس ٹیم نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے انتہائی خطرے کے باوجود اس بم کو کامیابی سے ناکارہ بنا دیا۔

یہ بھی پڑھیں : ہنگو میں سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، دہشت گردوں کے حملے ناکام

انچارج کے مطابق یہ بم اس قدر طاقتور تھا کہ اگر اس میں دھماکہ ہو جاتا تو یہ 100 میٹر کے محیط میں موجود ہر چیز کو ملیا میٹ کر سکتا تھا اور بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کا سبب بنتا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے کسی بڑی تخریب کاری کے لیے یہ بم مین ہائی وے پر نصب کیا تھا، جہاں عام شہریوں اور گاڑیوں کی آمد و رفت رہتی ہے۔

بم ناکارہ بنائے جانے کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ ملوث عناصر کا سراغ لگایا جا سکے۔ علاقے میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے تاہم پولیس نے سیکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کر دیئے ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔