بدھ، 14-جنوری،2026
بدھ 1447/07/25هـ (14-01-2026م)

اکتوبر تا دسمبر 2025: توشہ خانہ میں کون کیا لے کر آیا؟ تفصیلات سامنے آگئیں

12 جنوری, 2026 12:16

وفاقی حکومت نے اکتوبر تا دسمبر 2025 کی سہ ماہی کے دوران توشہ خانہ کے ریکارڈ کو پبلک کر دیا ہے، جس میں ظاہر ہوتا ہے کہ تمام وصول کنندگان نے اپنے تحائف باقاعدگی سے جمع کروائے۔

کابینہ ڈویژن کی دستاویزات کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، فرسٹ لیڈی، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر آئی ٹی شزاہ فاطمہ، وزیر بجلی اویس لغاری، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ سمیت متعدد اعلیٰ عہدیدار تحائف وصول کرنے والوں میں شامل تھے۔

اسی دوران معاون خصوصی طارق فاطمی، صدر کے ملٹری سیکرٹری، صدر کے ترجمان مرتضیٰ سلنگی، آڈیٹر جنرل آف پاکستان، وزیر مملکت برائے ریلویز و خزانہ مشرف زیدی، ڈی جی منرلز ڈاکٹر نواز احمد ورک، سیکرٹری اقتصادی امور، سیکرٹری آئی ٹی اور صدر کے اے ڈی سی سمیت دیگر سرکاری اہلکار بھی تحائف وصول کر چکے ہیں۔

دستاویزات کے مطابق موصول ہونے والے تحائف میں روزہ رسول، خانہ کعبہ اور مکہ مکرمہ کے ماڈلز، پینٹنگز، پرفیومز، شیلڈز، کارپٹ، ٹی سیٹ، تلوار، خنجر، گلدان، گھڑیاں، ڈیکوریشن پیسز، سعودی کافی، کتابیں، رائل کیپ، یادگاریں، ٹیبل واچ، میٹرو بس کا ماڈل، قہوہ پاٹ، شرٹس، میوزیکل انسٹرومنٹس، کمبل، اسکارف اور ٹائی سمیت متعدد اشیاء شامل تھیں۔

توشہ خانہ میں جمع کروائے گئے تحائف کا تخمینہ لگانے کا عمل کابینہ ڈویژن کے زیرِ اہتمام جاری ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس سہ ماہی کی دستاویزات میں تحائف دینے والوں کے نام شامل نہیں کیے گئے، جب کہ گزشتہ مالی سال کی آخری ششماہی (جنوری تا جون 2025) میں تحائف دینے والی غیر ملکی اور ملکی شخصیات کے نام بھی فہرست میں شامل تھے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔