بارش کا سلسلہ کب شروع ہو گا؟ بڑی پیشگوئی سامنے آگئی

When will the spell of rain begin? Major forecast revealed
محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی جاری کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق آئندہ چند دنوں میں موسم سرد رہے گا جبکہ بعض علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان بھی موجود ہے۔ شہریوں کو سرد موسم کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں موسم سرد رہے گا اور مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کی توقع ہے۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں چند مقامات پر بارش اور برفباری ہو سکتی ہے، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
ساحلی علاقوں جیوانی، پسنی اور اورماڑہ کے علاوہ کیچ اور تربت میں بھی کہیں کہیں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ دوسری جانب پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ راولپنڈی، مری، گلیات اور پوٹھوہار ریجن میں شدید سردی کے ساتھ برفباری ہو سکتی ہے۔ عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 16 سے 18 جنوری کے دوران ملک میں مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ داخل ہونے کا امکان ہے۔ اس دوران راولپنڈی اور اسلام آباد کے شہری علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت غیر معمولی حد تک گر سکتا ہے۔
بلوچستان کے زیادہ تر علاقوں میں شدید سرد موسم کے ساتھ بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ تاہم محکمہ موسمیات نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی شدید اور تاریخی سردی کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے کر ان کی تردید کر دی ہے۔
ڈی جی میٹ عرفان ورک کا کہنا ہے کہ 16 سے 25 جنوری کے دوران کسی غیر معمولی یا ریکارڈ توڑ سرد لہر کا کوئی امکان نہیں۔ ان کے مطابق رواں ہفتے سردی کی شدت برقرار رہے گی، جبکہ آئندہ ہفتے مغربی ہوائیں پاکستان میں داخل ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ میدانی علاقوں میں دھند اور سردی کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ مغربی علاقوں میں بارش متوقع ہے اور بارش کے بعد اسموگ اور دھند کی شدت میں کمی آنے کا امکان ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









