جمعرات، 15-جنوری،2026
جمعرات 1447/07/26هـ (15-01-2026م)

ایران کے مسئلے کا پر امن حل چاہتے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

15 جنوری, 2026 12:22

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ ایران کے مسئلے کا پر امن حل چاہتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے نیوز بریفنگ کے دوران اہم بین الاقوامی اور دوطرفہ امور پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا امیر قطر سے ٹیلی فون پر رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر اطمینان کا اظہار کیا اور روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

 ترجمان نے کہا کہ صدر آصف زرداری بحرین کے دورے پر ہیں۔ اس دورے کے دوران دوطرفہ تعلقات کے علاوہ علاقائی اور عالمی امور بھی زیر بحث آئیں گے۔ صدر مملکت کا یہ دورہ پاکستان اور بحرین کے مضبوط تعلقات کا مظہر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے جدہ میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں پاکستان نے صومالی لینڈ سے متعلق اپنے موقف کا اعادہ کیا۔ اسحاق ڈار نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے کوششیں تیز کرنے پر زور دیا اور اسرائیل کی سیاسی جارحیت کی بھی مذمت کی۔

ترجمان نے کہا کہ صومالیہ کی خود مختاری پر حملہ ناقابل قبول ہے۔ اسحاق ڈار نے فلسطین کی خودمختار ریاست کے لیے پاکستان کے اصولی عزم کا بھی اعادہ کیا۔

ایران کے مسئلے پر ترجمان نے کہا کہ پاکستان پرامن حل چاہتا ہے، اور ایران میں بحران نے عوام کو مشکلات میں ڈال دیا ہے۔ امید ہے کہ ایران جلد اپنے بحران پر قابو پا لے گا۔ پاکستان خطے میں امن و استحکام چاہتا ہے اور امن کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے مزید کہا کہ ویزا کے معاملے پر پاکستانی حکام امریکی حکام سے رابطے میں ہیں۔ پاکستان بھارتی آرمی چیف کے بیانات کی سختی سے تردید کرتا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔