جمعرات، 15-جنوری،2026
جمعرات 1447/07/26هـ (15-01-2026م)

سندھ میں کینسر کا مہنگا ترین علاج مفت کیا جارہا ہے، بلاول بھٹو

15 جنوری, 2026 14:55

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے نزدیک صحت ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور علاج کی سہولت کا نہ ہونا کسی کے لیے موت کا پروانہ نہیں بننا چاہیے۔

اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنی ماضی کی کامیابیوں، جدوجہد اور مستقبل کے اہداف پر نظر ڈال رہی ہے، جن میں صحت کا شعبہ سرفہرست ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے تین ادوارِ حکومت میں صحت کے شعبے میں نمایاں سرمایہ کاری کی گئی اور صحت کے بجٹ کو 2.9 فیصد سے بڑھا کر 10 فیصد تک لے جایا گیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صوبے بھر میں مفت طبی سہولتیں اور جدید ہیلتھ انفراسٹرکچر قائم کیا گیا، جو مقامی سطح کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی معیار پر بھی پورا اترتا ہے۔ انہوں نے کراچی کے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ شہر کا سب سے بڑا اسپتال ہے، جو 18ویں آئینی ترمیم کے بعد وفاق سے صوبے کو منتقل ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں صحت کے شعبے کو طویل عرصے تک نظرانداز کیا گیا، جس کے باعث ترقی اور سرمایہ کاری متاثر ہوئی، تاہم پیپلز پارٹی نے اقتدار میں آ کر اس شعبے کو ترجیح دی اور عوام کو بہتر علاج کی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کے مطابق عوامِ سندھ، کراچی کے شہریوں اور مخیر حضرات کے تعاون سے جے پی ایم سی کو مکمل طور پر جدید بنایا گیا۔ صوبائی حکومت کی بھاری سرمایہ کاری سے اسپتال میں 550 بستروں پر مشتمل جدید سرجیکل کمپلیکس، 120 بستروں کا نفسیاتی وارڈ اور 110 بستروں پر مشتمل میڈیکل نیورولوجی وارڈ قائم کیا گیا، جبکہ او پی ڈی میں جدید طبی آلات فراہم کیے گئے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے بتایا کہ جے پی ایم سی میں کینسر کے علاج کے لیے جدید سائبر نائف ٹیکنالوجی دستیاب ہے، جو دنیا کے مہنگے ترین علاجوں میں شمار ہوتی ہے۔ ان کے مطابق جے پی ایم سی دنیا کا واحد اسپتال ہے جہاں سائبر نائف کے ذریعے کینسر کا علاج مکمل طور پر مفت فراہم کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 2012 میں جے پی ایم سی میں بستروں کی تعداد 1,100 تھی، جو اب بڑھا کر 2,208 کر دی گئی ہے۔ سائبر نائف اور دیگر جدید سہولتوں سے اب تک 178 شہروں اور 24 ممالک کے مریض مستفید ہو چکے ہیں، جبکہ مجموعی طور پر لاکھوں مریضوں کو مہنگا علاج بلا معاوضہ فراہم کیا گیا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔