بارشیں ہی بارشیں؛ محکمہ موسمیات نے بڑی پیشگوئی کردی

Rain, rain everywhere; Meteorological Department issues major forecast
محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں موسم کی نئی صورتحال سے متعلق پیشگوئی جاری کر دی ہے۔
پیشگوئی کے مطابق آئندہ ہفتے کے وسط سے بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ یہ موسمی نظام 16 جنوری سے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا اور وقفے وقفے سے مختلف حصوں کو متاثر کرے گا۔ ابتدائی طور پر یہ ایک کمزور مغربی ہواؤں کا سسٹم ہوگا، تاہم 20 جنوری کے بعد اس کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 16 سے 19 جنوری کے دوران گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔ دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر میں سرد موسم کے ساتھ برف پڑنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اسی دوران آزاد کشمیر کے نیلم ویلی، مظفرآباد، پونچھ، باغ اور حویلی کے علاقوں میں بھی بارش اور برفباری متوقع ہے۔
بالائی خیبرپختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کوہستان اور کالام میں تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک اور ہلکی سے درمیانی برفباری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ان علاقوں میں سردی کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے۔
18 سے 20 جنوری کے دوران مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں بھی ہلکی بارش اور برفباری متوقع ہے، جس کے باعث سیاحوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
20 سے 23 جنوری کے دوران یہ موسمی نظام ملک کے مزید علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔ اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان، سرگودھا اور بہاولپور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش ہونے کا امکان ہے۔ اسی طرح پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بارش اور تیز ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 20 جنوری کی رات سے 23 جنوری کے دوران چترال، دیر، شانگلہ، کوہستان، سوات، کالام، مری، گلیات اور آزاد کشمیر کے بعض علاقوں میں درمیانی سے شدید برفباری ہو سکتی ہے۔ اس صورتحال کے باعث بالائی علاقوں میں سفری مشکلات اور سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









