کراچی: پارک سے لاپتا 3 سالہ بچہ چار روز بعد بحفاظت بازیاب

کراچی: پارک سے لاپتا 3 سالہ بچہ چار روز بعد بحفاظت بازیاب
کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں پارک سے لاپتا ہونے والا تین سالہ بچہ چار دن بعد بحفاظت مل گیا۔
تفصیلات کے مطابق بلاک ایف میں واقع الفتح فیملی پارک سے 11 جنوری کو مبینہ طور پر اغوا ہونے والا کمسن انس پولیس کی کارروائی کے نتیجے میں بازیاب کر لیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بچے کی بازیابی کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی جس کی نگرانی ڈی ایس پی ناظم آباد کمال نسیم کر رہے تھے۔
بچے کی بحفاظت واپسی کے بعد ڈی ایس پی کمال نسیم نے اپنے عہدے کا چارج چھوڑ دیا۔ واضح رہے کہ آئی جی سندھ کی جانب سے جن افسران کو عہدوں سے ہٹایا گیا تھا ان میں کمال نسیم کا نام بھی شامل تھا، تاہم ڈی آئی جی ویسٹ نے انہیں بچے کی تلاش کے لیے بنائی گئی ٹیم کی قیادت سونپی تھی۔
پولیس کے مطابق کمسن انس کے اغوا کا مقدمہ حیدری تھانے میں اہلِ خانہ کی درخواست پر درج کیا گیا تھا۔ ایس ایچ او حیدری عارف نے بتایا کہ اغوا کے بعد اہل خانہ کو ایک فون کال موصول ہوئی، جس کے بعد پولیس نے فوری طور پر کارروائی شروع کی اور بچے کو لیاقت آباد کے علاقے سے بحفاظت برآمد کرلیا۔
بچے کی بازیابی پر والدین اور اہل خانہ نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا جبکہ قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد بچے کو ان کے حوالے کر دیا گیا۔ ایس ایس پی سینٹرل ذیشان صدیقی نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کی تعریف کی اور اہل خانہ نے بھی پولیس کی کوششوں کو سراہا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












