سانحہ گل پلازہ: جاں بحق افراد کی تعداد 67 تک پہنچ گئی، 77 افراد اب بھی لاپتہ

'چاروں طرف سے پھنس گیا ہوں'، سانحہ گل پلازہ میں انتقال کرنے والے شہری کا مبینہ آخری آڈیو پیغام وائرل
کراچی کے گل پلازہ میں پیش آنے والے افسوسناک سانحے میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 67 ہو گئی ہے۔ تاہم حکام کے مطابق اب تک صرف 17 لاشوں کی شناخت ممکن ہو سکی ہے جبکہ 77 افراد تاحال لاپتہ ہیں، جن کے اہل خانہ شدید کرب میں مبتلا ہیں۔
حادثے کے کئی روز گزرنے کے باوجود متاثرہ خاندان گل پلازہ کے باہر موجود ہیں اور اپنے پیاروں کی تلاش کے لیے امدادی اداروں کے منتظر ہیں۔ لواحقین نے ریسکیو اور تحقیقاتی عمل پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج بھی کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ سانحے کو چھ دن ہو چکے ہیں مگر اب تک لاپتہ افراد کے بارے میں کوئی واضح معلومات نہیں دی جا رہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق عمارت کی حالت انتہائی مخدوش ہو چکی ہے اور کسی بھی وقت گرنے کا خدشہ موجود ہے۔ اسی خطرے کے پیش نظر بھاری مشینری کے ذریعے ملبہ ہٹانے کا کام عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔ اس وجہ سے ملبے تلے دبے افراد کی تلاش مزید مشکل ہو گئی ہے۔
تاہم ریسکیو اہلکار محدود وسائل کے ساتھ دستی طور پر تلاش کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ متاثرہ حصوں میں داخل ہونا جان کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے، اس کے باوجود ٹیمیں مسلسل کوشش کر رہی ہیں تاکہ مزید لاشیں نکالی جا سکیں۔
یاد رہے کہ گل پلازہ میں آگ ہفتے کی رات اچانک بھڑک اٹھی تھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ درجنوں دکانیں اور دفاتر مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئے۔
سانحے سے متعلق تحقیقاتی حکام نے ابتدائی رپورٹ بھی تیار کر لی ہے۔ رپورٹ کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے نہیں لگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ مصنوعی پھولوں کی ایک دکان میں لگی جہاں بچے کھیل رہے تھے۔
ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ممکنہ طور پر بچے ماچس یا لائٹر سے کھیل رہے تھے، جس سے دکان میں موجود سامان نے آگ پکڑ لی۔ بعد میں یہ آگ بجلی کی تاروں کے ذریعے پورے پلازہ میں پھیل گئی اور بڑا سانحہ بن گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ مکمل تحقیقات کے بعد ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی تاکہ آئندہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












