ملک کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری، سڑکیں بند، سیاح محصور، مختلف حادثات میں 2 افراد جاں بحق

ملک کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری، سڑکیں بند، سیاح محصور، مختلف حادثات میں 2 افراد جاں بحق
ملک کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں۔ کئی علاقوں میں رابطہ سڑکیں بند ہو چکی ہیں، جس کے باعث سیاح اور مقامی افراد مختلف مقامات پر پھنس کر رہ گئے ہیں۔ مختلف حادثات میں دو افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
بلوچستان کے شمالی اضلاع میں برفانی طوفان کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ زیارت جانے والے درجنوں سیاحوں کی گاڑیاں کوئٹہ زیارت شاہراہ پر برف میں پھنس گئیں۔ چمن کے اطراف بھی 100 سے زائد سیاح گاڑیوں میں موجود ہیں جو سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے آگے نہیں بڑھ سکے۔
این 50 شاہراہ پر کان مہترزئی، خانوزئی اور مسلم باغ کے قریب شدید برف اور پھسلن کے باعث ٹریفک معطل ہو گئی ہے۔ مسافر گاڑیاں اور مال بردار ٹرک جگہ جگہ پھنسے ہوئے ہیں۔ این 50 پر پیش آنے والے 9 مختلف حادثات میں 27 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
کوژک ٹاپ کے مقام پر سائیبرین ہواؤں کے باعث شدید سردی پڑ رہی ہے۔ این 25 چمن کوئٹہ کراچی شاہراہ پر درجہ حرارت منفی 12 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے۔ شیلاباغ کے قریب گاڑیوں کے پھسلنے سے کئی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہو گئے۔
خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں مانسہرہ، بالائی گلیات، شانگلہ، لوئر دیر، مہمند، کالام، اورکزئی، چترال اور خیبر میں بھی شدید برفباری ہوئی ہے۔ ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں بارش اور برفباری کے باعث تقریباً 100 گاڑیاں سڑک پر پھنس گئیں۔ ریسکیو ٹیموں نے 35 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔
شانگلہ میں برفباری کے بعد بجلی کا نظام شدید متاثر ہوا ہے اور کئی علاقوں میں بجلی بند ہے۔ چترال میں متعدد رابطہ سڑکیں بند ہونے سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
سیاحتی مقام ناران میں 6 انچ جبکہ شوگران میں ڈیڑھ انچ تک برف پڑ چکی ہے۔ بڑی تعداد میں سیاح برفباری دیکھنے کے لیے شوگران پہنچ رہے ہیں، تاہم انتظامیہ نے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
گلگت بلتستان کے ضلع استور کے بالائی علاقوں میں دو سے تین فٹ تک برف پڑ چکی ہے۔ تمام بالائی علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ ہنزہ اور نگر میں بھی برفباری ہوئی ہے۔
زلزلے سے متاثرہ علاقے چیپورسن میں خیموں میں رہنے والے متاثرین کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ چلاس، بابوسر ٹاپ، نانگا پربت، بٹوگاہ، داریل اور تانگیر میں برفباری سے شدید سردی پڑ رہی ہے۔
آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش جبکہ لیپا ویلی، گنگا چوٹی، چکوٹھی، ہٹیاں بالا اور نیلم ویلی کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری جاری ہے۔
مری میں بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث مری ایکسپریس وے کو جزوی طور پر عام ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










