ہفتہ، 7-فروری،2026
ہفتہ 1447/08/19هـ (07-02-2026م)

گل پلازہ کے ملبے سے مزید باقیات برآمد؛ جاں بحق افراد کی تعداد 71 ہوگئی

24 جنوری, 2026 10:03

کراچی کے علاقے میں واقع گل پلازہ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے بعد ریسکیو اور کلیئرنس آپریشن آخری مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق عمارت کا تقریباً 90 فیصد ملبہ ہٹا لیا گیا ہے، جبکہ اب بھی 10 سے 11 افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔ امدادی ٹیمیں مسلسل کام میں مصروف ہیں تاکہ ملبے تلے دبے افراد یا شواہد تلاش کیے جا سکیں۔

ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو نے بتایا کہ کلیئرنس کے دوران کئی اہم شواہد بھی ملے ہیں۔ ذرائع کے مطابق عمارت کے ملبے سے چار ڈی وی آر برآمد ہوئے ہیں، جن کی مدد سے آتشزدگی کے اسباب جاننے میں مدد ملنے کی امید ہے۔ تفتیشی حکام ان ڈی وی آرز کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ واقعے کی مکمل تصویر سامنے آ سکے۔

ریسکیو آپریشن کے دوران ملبے سے ڈیڑھ کلو سونا بھی ملا جو متعلقہ دکاندار کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ تہہ خانے میں موجود ایک دکان سے ایک لاکھ روپے سے زائد نقدی بھی برآمد ہوئی، جسے بھی اصل مالک کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والی تمام اشیاء کو مکمل شفافیت کے ساتھ ریکارڈ میں لایا گیا ہے۔

پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ طارق کے مطابق اب تک گل پلازہ سے 71 لاشیں اور انسانی باقیات نکالی جا چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آگ کی شدت کے باعث بیشتر لاشیں بری طرح جھلس چکی ہیں جس کی وجہ سے ڈی این اے کے ذریعے شناخت کا عمل مشکل ہو گیا ہے۔ اب تک 20 افراد کی شناخت ہو چکی ہے جبکہ 13 افراد کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ سے ممکن ہو سکی ہے۔

لاپتہ افراد کی فہرست میں 82 نام شامل ہیں۔ متعلقہ ادارے متاثرہ خاندانوں سے رابطے میں ہیں اور شناخت کے عمل کو تیز کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انتظامیہ نے یقین دہانی کروائی ہے کہ آپریشن مکمل ہونے تک امدادی سرگرمیاں جاری رہیں گی اور واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔