ہفتہ، 7-فروری،2026
ہفتہ 1447/08/19هـ (07-02-2026م)

گل پلازہ کو کب گرایا جائے گا؟ انتظامیہ کا اہم اعلان

26 جنوری, 2026 13:45

کراچی: گل پلازہ کی عمارت میں ریسکیو اور سرچ آپریشن مکمل ہوچکا ہے، تاہم عمارت کو گرانے کا فیصلہ تحقیقات اور اسٹرکچرل رپورٹ کی روشنی میں کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور سے آئی تحقیقاتی اور ٹیکنیکل ٹیم نے متاثرہ عمارت کا دورہ کیا اور مختلف حصوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے تحقیقاتی، ٹیکنیکل اور فرانزک ٹیم کو عمارت کے مختلف مقامات دکھائے۔

اربن سرچنگ ٹیم نے جن حصوں میں سرچنگ مکمل کرلی، وہاں مارکنگ کردی ہے۔ عمارت کے مختلف حصوں پر ایچ (H) کا نشان لگایا گیا ہے، جس کا مطلب ہے کہ یہ علاقے خطرناک ہیں اور عمارت گرنے کا خدشہ موجود ہے۔

ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گل پلازہ کی عمارت آج سیل کردی جائے گی اور آئندہ صرف تحقیقاتی ماہرین کو داخلے کی اجازت ہوگی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ لاشوں کی تلاش کا عمل مکمل ہوچکا ہے اور ریسکیو اداروں کا کہنا ہے کہ اب مزید کسی لاش کے ملنے کا امکان نہیں ہے۔

جاوید نبی کھوسو کے مطابق سانحہ گل پلازہ میں 73 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، جن میں سے 23 کی شناخت مکمل ہوچکی ہے اور 17 افراد کی شناخت ڈی این اے سے ہوئی۔ مجموعی طور پر 82 افراد لاپتہ رپورٹ ہوئے، مگر 13 افراد کے ڈی این اے سیمپل ابھی فراہم نہیں کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ بعض خاندانوں نے ایک ہی فرد کو مختلف ناموں سے رپورٹ کیا، جس کی وجہ سے فہرست کی تصدیق میں مشکلات پیش آئیں۔

انتظامیہ کے مطابق گل پلازہ عمارت کو سیل کرنے کے بعد ہی گرانے کا حتمی فیصلہ قانونی اور تکنیکی اقدامات کی بنیاد پر طے کیا جائے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔