مسلسل بیٹھنے کی عادت کینسر کے خطرے سے منسلک، تحقیق

Which 6 Types of Cancer Are Spreading Rapidly Among Young Adults?
اگر آپ روزانہ کئی گھنٹے بیٹھ کر گزارتے ہیں تو یہ عادت صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے۔
ایک نئی طبی تحقیق میں مسلسل بیٹھے رہنے اور بعض اقسام کے کینسر سے موت کے خطرے کے درمیان تعلق کی نشاندہی کی گئی ہے۔
اسکاٹ لینڈ کی گلاسگو یونیورسٹی میں ہونے والی تحقیق میں 91 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔ محققین نے یوکے بائیوبینک سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کی مدد سے شرکا کی سات روزہ جسمانی سرگرمیوں کا جائزہ لیا، جس کے لیے ایکٹیویٹی مانیٹرز استعمال کیے گئے۔
تحقیق کے شرکا کی صحت کا اوسطاً 12.38 سال تک جائزہ لیا گیا، جبکہ انہیں روزانہ بیٹھنے کے دورانیے اور جسمانی سرگرمیوں کی سطح کی بنیاد پر مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا۔
محققین نے دریافت کیا کہ جو افراد زیادہ وقت بیٹھ کر گزارتے ہیں اور بیٹھنے کے دوران بہت کم حرکت کرتے ہیں، ان میں مختلف اقسام کے کینسر سے موت کا خطرہ نسبتاً زیادہ پایا گیا۔ تحقیق کے مطابق ایسے افراد میں کینسر سے موت کا خطرہ تقریباً 9 فیصد زیادہ تھا۔
تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ زیادہ دیر تک بیٹھے رہنے اور کم جسمانی سرگرمی کا تعلق موٹاپے سے وابستہ بعض کینسرز سے بھی دیکھا گیا، جن میں غذائی نالی، جگر، گردے، لبلبے، چھاتی، آنتوں اور تھائرائیڈ کے کینسر شامل ہیں۔
محققین کے مطابق بیٹھنے کے دوران وقفے وقفے سے اٹھنا، چلنا پھرنا یا معمولی جسمانی سرگرمی کو معمول بنانا کینسر سے موت کے خطرے میں کمی سے منسلک تھا۔ تحقیق میں ایسے افراد میں یہ خطرہ تقریباً 12 فیصد تک کم دیکھا گیا جو بیٹھنے کے دوران اپنی جگہ سے اٹھ کر حرکت کرتے تھے۔
محققین کا کہنا ہے کہ ہلکی پھلکی جسمانی سرگرمی بھی صحت کے لیے فائدہ مند ہوسکتی ہے اور اسے نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔ تاہم معتدل سے شدید نوعیت کی جسمانی سرگرمیاں مجموعی صحت اور کینسر سے تحفظ کے حوالے سے زیادہ فوائد فراہم کرسکتی ہیں۔
ماہرین نے یہ بھی واضح کیا کہ تحقیق مشاہداتی نوعیت کی ہونے کے باعث مسلسل بیٹھنے اور کینسر سے موت کے درمیان براہِ راست سبب اور اثر کا تعلق ثابت نہیں کرتی۔ اس لیے نتائج کو خطرے کے تعلق کے طور پر دیکھا جانا چاہیے، حتمی وجہ کے طور پر نہیں۔
تحقیق کے نتائج طبی جریدے PLOS Medicine میں شائع ہوئے ہیں۔
Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










