ہفتہ، 7-فروری،2026
ہفتہ 1447/08/19هـ (07-02-2026م)

پاکستان کے معروف شاعر اعتبار ساجد انتقال کر گئے

27 جنوری, 2026 10:13

لاہور (27 جنوری 2026): اردو ادب کے معروف شاعر اعتبار ساجد لاہور میں انتقال کر گئے۔ وہ کچھ عرصے سے گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے اور آج صبح 77 برس کی عمر میں خالقِ حقیقی سے جا ملے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق اعتبار ساجد کافی دنوں سے زیرِ علاج تھے۔ طبیعت زیادہ بگڑنے پر انہیں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔ ان کے انتقال کی خبر سے ادبی حلقوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔

اعتبار ساجد یکم جولائی 1948 کو ملتان میں پیدا ہوئے تھے۔ وہ اردو کے مقبول غزل گو شعرا میں شمار ہوتے تھے۔ خاص طور پر رومانوی شاعری میں ان کا انداز بہت منفرد تھا۔ ہجر و وصال کے جذبات کو سادہ مگر گہرے الفاظ میں بیان کرنا ان کی پہچان تھی۔

انہوں نے ایم اے تک تعلیم حاصل کی اور بعد ازاں تدریس کے شعبے سے وابستہ ہو گئے۔ وہ کچھ عرصہ گورنمنٹ کالج نوشکی، بلوچستان میں لیکچرر رہے، پھر اسلام آباد میں تدریسی خدمات انجام دیتے رہے۔

شاعری کے ساتھ ساتھ انہوں نے نثر میں بھی لکھا۔ ان کی مشہور کتابوں میں دستک بند کواڑوں پر، آمد، وہی ایک زخم گلاب سا اور مجھے کوئی شام ادھار دو شامل ہیں، جو آج بھی ادب کے شائقین میں مقبول ہیں۔

اعتبار ساجد نے بچوں کے لیے بھی کہانیاں اور نظمیں لکھیں۔ بچوں کی مشہور تصانیف میں راجو کی سرگزشت، آدم پور کا راجا، پھول سی اک شہزادی اور مٹی کی اشرفیاں شامل ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔