9 مئی کیس: سہیل آفریدی سے منسلک ویڈیو پر فارنزک اور نادرا رپورٹس سامنے آ گئیں

عمران خان سے بہنوں کی ملاقات سے متعلق وزیراعظم سے کوئی بات نہیں ہوئی، سہیل آفریدی
9 مئی کے مقدمے میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے مبینہ طور پر ملوث ہونے سے متعلق تنازع میں مزید شدت آ گئی ہے، جب کہ پنجاب فارنزک لیب اور نادرا کی رپورٹس عدالت میں پیش کر دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پنجاب فارنزک لیب سے موصول ہونے والی رپورٹ میں شواہد وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے منسلک قرار دیے گئے ہیں، جبکہ نادرا سے حاصل ہونے والی تازہ رپورٹس میں بھی انہی کے حوالے سے شواہد کی نشاندہی کی گئی ہے۔ عدالت نے اس معاملے پر 14 فروری کو مکمل رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔
پولیس کا مؤقف ہے کہ اگر عدالت کی جانب سے احکامات جاری کیے گئے تو وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے باقاعدہ تفتیش کی جائے گی۔
اس پیش رفت کے بعد سوشل میڈیا پر یہ سوال بھی زیرِ بحث ہے کہ آیا خیبر پختونخوا پولیس نے سہیل آفریدی سے متعلق شواہد خود پنجاب فارنزک لیب کو بھجوائے یا یہ اقدام عدالتی حکم کے تحت کیا گیا۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے جنگ کو بتایا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے یہ مواد خود نہیں بھیجا بلکہ عدالت نے ایک سیل بند لفافہ، جس میں یو ایس بی موجود تھی، تفتیشی افسر کے حوالے کیا اور اسے فارنزک لیب بھجوانے کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ کے مطابق نہ ان کے وکیل کو یہ بتایا گیا کہ یو ایس بی میں کیا مواد موجود ہے اور نہ ہی تفتیشی افسر کو اس کے مندرجات کا علم تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وکیل کی جانب سے مواد دکھانے کے لیے احتجاج بھی کیا گیا، تاہم معزز جج نے اسے دیکھنے کی اجازت نہیں دی۔
سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ یہ مواد ان کے ساتھ ناانصافی کے طور پر بھجوایا گیا اور عدالت نے فارنزک ماہرین کو صرف یہ رائے دینے کا حکم دیا تھا کہ آیا ویڈیو میں موجود شخص سہیل آفریدی ہے یا نہیں۔
فارنزک ماہرین نے اپنی رپورٹ میں تصدیق کی کہ ویڈیو میں موجود شخص سہیل آفریدی ہی ہے، تاہم اصل سوال یہ ہے کہ آیا ان کا 9 مئی کے واقعات سے کوئی تعلق بنتا ہے یا نہیں۔ وزیراعلیٰ کے مطابق اس حوالے سے پولیس نے تاحال ان سے کوئی تفتیش نہیں کی۔
دوسری جانب چیف کیپیٹل پولیس پشاور میاں سعید نے جنگ کو بتایا کہ پولیس پہلے ہی اس مقدمے کی تفتیش مکمل کر کے چالان عدالت میں جمع کرا چکی تھی۔ ان کے مطابق عدالت میں جب مخالف وکیل نے کچھ شواہد پیش کیے تو عدالتی حکم پر یو ایس بی پولیس کے حوالے کی گئی۔
بعد ازاں عدالت نے پولیس کو ہدایات دیں کہ یو ایس بی کو پنجاب فارنزک لیب اور نادرا بھجوا دیا جائے۔ میاں سعید کے مطابق دونوں اداروں کی رپورٹس عدالت میں جمع کرا دی گئی ہیں اور انہیں مقدمے کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔
سی سی پی نے واضح کیا کہ اب آئندہ کارروائی عدالت کے احکامات کے مطابق کی جائے گی اور اگر عدالت نے ہدایت کی تو وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے تفتیش بھی عمل میں لائی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اب فیصلہ ہونا باقی ہے کہ ویڈیو اور تصاویر کا پشاور میں 9 مئی کو پیش آنے والے واقعات سے کوئی براہِ راست تعلق بنتا ہے یا نہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











