اسلام آباد: حافظ طاہر محمود اشرفی کی سانحہ ترلائی پر پریس کانفرنس، دہشتگردی کے خلاف قومی اتحاد کا اعلان

مئی میں پاکستان کو فتح اللہ تعالیٰ کی مدد، قوم اور فوج کے اتحاد سے حاصل ہوئی، طاہر اشرفی
اسلام آباد: قومی پیغامِ امن کمیٹی کے کوآرڈینیٹر حافظ طاہر محمود اشرفی نے علماء و مشائخ کے ہمراہ سانحہ ترلائی کے حوالے سے ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ قومی پیغامِ امن کمیٹی کے قیام کا بنیادی مقصد ہی پاکستان میں امن، رواداری اور اتحاد کو فروغ دینا ہے۔
حافظ طاہر محمود اشرفی نے بتایا کہ کمیٹی کے اراکین اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علماء و مشائخ نے پمز ہسپتال میں سانحہ ترلائی کے زخمیوں کی عیادت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کی زندگی کا پہلا واقعہ ہے کہ جب تمام مذاہب کے نمائندے ایک ساتھ زخمیوں کی عیادت کے لیے پہنچے اور یہ منظر انتہائی جذباتی تھا جس نے آنکھوں کو نم کر دیا۔
انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ پاکستانی قوم کو کسی بھی سطح پر تقسیم نہیں کیا جا سکتا۔ سانحے کے بعد جس طرح بڑی تعداد میں شہری خون دینے کے لیے ہسپتالوں میں پہنچے، وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ قوم دہشت اور درندگی کے خلاف متحد ہے۔
حافظ طاہر محمود اشرفی نے حملہ آوروں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جن ظالموں نے سجدہ کرنے والوں پر حملہ کیا ہے، ان کا ٹھکانہ جہنم ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پیغامِ پاکستان کے تحت تمام مشائخ اور علماء متفقہ فتویٰ دے چکے ہیں کہ عبادت گاہوں پر حملہ کرنے والے اسلام کے دشمن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور یہ حملے دراصل اسلام دشمن اور پاکستان دشمن قوتوں کی سازش ہیں۔
افغانستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان کے لیے جو قربانیاں دی ہیں وہ تاریخ کا حصہ ہیں، مگر آج پوری قوم یہ سوال کر رہی ہے کہ ان قربانیوں کا صلہ پاکستان میں دہشتگردی کی صورت میں کیوں دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان کو بھائی سمجھتے ہیں، لیکن وہاں سے پاکستان میں کارروائیاں ہونا باعثِ تشویش ہے۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ مقدس مقامات کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ تمام مکاتبِ فکر کے علماء کا ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا اس بات کا واضح پیغام ہے کہ پاکستانی قوم متحد ہے اور دہشتگردی کے خلاف پوری قوت سے کھڑی ہے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کا نہ اسلام سے کوئی تعلق ہے اور نہ ہی انسانیت سے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









