اسلام آباد امام بارگاہ خودکش حملہ: وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی شدید مذمت، اتحادِ امت کا واضح پیغام

وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے اسلام آباد کی ایک امام بارگاہ میں ہونے والے خودکش حملے کو انتہائی افسوسناک، قابلِ مذمت اور غیر انسانی فعل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ افراد کی جان لینا اور خون بہانا کسی صورت جائز نہیں۔
میڈیا سنٹر وفاق المدارس العربیہ پاکستان سے جاری بیان میں صدر وفاق مولانا مفتی محمد تقی عثمانی، سینئر نائب صدر مولانا انوار الحق، ناظمِ اعلیٰ مولانا محمد حنیف جالندھری اور دیگر رہنماؤں نے واضح کیا کہ مساجد، امام بارگاہوں اور مدارس کو نشانہ بنانے والے انسان کہلانے کے بھی مستحق نہیں۔
وفاق المدارس کے قائدین نے کہا کہ اس نوعیت کی خونریز کارروائیاں پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی گھناؤنی سازش ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس ظالمانہ حملے میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کار نیٹ ورک کا سراغ لگا کر انہیں نشانِ عبرت بنایا جائے۔
انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ ملک بھر کی تمام مساجد، امام بارگاہوں اور دینی مدارس کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے تاکہ آئندہ ایسے سانحات سے بچا جا سکے۔
اتحادِ امت کا اہم پیغام
وفاق المدارس العربیہ پاکستان نے اس موقع پر اس امر پر زور دیا کہ پاکستان کے علماء و مشائخ نے بروقت کردار ادا کرتے ہوئے فرقہ واریت پھیلانے کی بھارت نواز سازش کو ناکام بنا دیا۔
سانحہ ترلائی کے بعد قومی پیغامِ امن کمیٹی نے اتحادِ امت اور قومی یکجہتی کا واضح پیغام دے کر نفرت کے بیانیے کو دفن کر دیا۔
حافظ طاہر محمود اشرفی کی قیادت میں تمام مکاتبِ فکر کے علماء و مشائخ نے مشترکہ طور پر زخمیوں کی عیادت، دعاؤں اور تعزیت کے ذریعے اس بات کا عملی ثبوت دیا کہ پاکستانی قوم تقسیم نہیں بلکہ متحد ہے۔ اس موقع پر امام بارگاہ اور مسجد خدیجۃ الکبریٰ کا دورہ بھی کیا گیا جہاں احترام، ہم آہنگی اور بین المسالک یکجہتی کا مظاہرہ کیا گیا۔
دہشتگردی کے خلاف متفقہ مؤقف
مدارس بورڈز اور دینی قیادت نے متفقہ طور پر اعلان کیا کہ دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف مشترکہ جدوجہد جاری رہے گی۔ علماء و مشائخ نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ وہ افواجِ پاکستان اور سلامتی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
دینی قیادت نے واضح کیا کہ سانحہ ترلائی کا مقصد نفرت اور تشدد پھیلانا تھا، مگر علماء کے اتحاد اور بروقت حکمتِ عملی نے اس بیانیے کو ناکام بنا دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دشمن قوتیں فرقہ وارانہ تقسیم چاہتی ہیں، تاہم قومی پیغامِ امن کمیٹی نے اس سازش کو بے نقاب کر دیا ہے۔
آخر میں علماء و مشائخ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی سلامتی، استحکام، امن، برداشت اور بین المسالک ہم آہنگی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اتحاد و یکجہتی کی ایسی سرگرمیاں مستقل بنیادوں پر جاری رہیں گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









