اتوار، 15-فروری،2026
اتوار 1447/08/27هـ (15-02-2026م)

پولیس اہلکار شہریوں کو "سر” کہہ کر مخاطب کریں گے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

15 فروری, 2026 13:34

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پولیس اہلکار شہریوں کو "سر” کہہ کر مخاطب کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق مریم نواز کی زیر صدارت پولیس اصلاحات سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بچوں کے ساتھ درندگی کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ پولیس میں بڑے جرم پر چھوٹی سزا اور چھوٹی غلطی پر بڑی سزا مل جاتی ہے، اس رویے کو بدلنا ہوگا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ شکایت کرنے والی خاتون کی تذلیل کی بجائے اس کی حوصلہ افزائی اور مدد کی جائے۔

مریم نواز نے کہا کہ بچے ڈر کے باعث بولتے نہیں، تعلیمی اداروں میں بدسلوکی کی جرات نہیں ہونی چاہیے۔ بچوں کی حفاظت اور خیال نہ رکھنے والے والدین کے لیے قوانین متعارف کروانا چاہتے ہیں۔ پیشگی اقدامات کے لیے پولیسنگ کو مؤثر بنانا اور رویوں میں تبدیلی ضروری ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ غریب لوگ ڈر کے مارے پولیس کے پاس نہیں جاتے جبکہ ہراسمنٹ کی شکایت پر پولیس کا رویہ سائل کے ساتھ توہین آمیز ہوتا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اب کسی پولیس اہلکار کو "سر” اور "جناب” کے بغیر بات کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور پولیس اہلکار شہریوں کو "سر” کہہ کر مخاطب کریں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ عوام سے زیادہ کوئی وی آئی پی نہیں اور وی آئی پی کے راستے سے عوام کو ہٹانے کے لیے تذلیل کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پولیس میں اصلاحات کے لیے شارٹ، مڈ اور لانگ ٹرم پلان تیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔

مریم نواز نے کہا کہ غلطیوں کو چھپانے کا رویہ بدلنا ہوگا اور شکایت لگانے والے سائل کو مجرم بنانا افسوسناک ہے۔ انہوں نے سٹیزن مینجمنٹ سسٹم اور ای ٹیگ انفارمیشن سسٹم متعارف کرانے کی ہدایت دی اور قانون پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے پر زور دیا۔

وزیراعلیٰ نے آئی جی کو ڈی پی اوز کے ساتھ آن لائن اجلاس کے انعقاد کی ہدایت بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ ون وے کی خلاف ورزی میں نمایاں کمی آئی ہے، شہریوں نے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے اور 90 فیصد سے زائد شہریوں نے ہیلمٹ کا استعمال شروع کر دیا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔