کراچی: سولجر بازار کی رہائشی عمارت میں گیس لیکج سے دھماکا، جاں بحق افراد کی تعداد 16 ہو گئی

کراچی کے علاقے سولجر بازار میں گیس لیکج کے باعث رہائشی عمارت میں ہونے والے دھماکے سے جاں بحق افراد کی تعداد 16 ہو گئی ہے۔
پولیس کے مطابق صبح تقریباً 4 بجے عمارت میں گیس لیکج کے باعث زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں عمارت کا کچھ حصہ منہدم ہو گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سکیورٹی سخت کر دی جبکہ ریسکیو اداروں نے فوری طور پر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ عمارت تین منزلہ تھی اور ہر فلور پر ایک کمرہ قائم تھا۔ علاقے کی تنگ گلیوں کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
امدادی ٹیموں کے مطابق اب تک 16 لاشیں ملبے سے نکالی جا چکی ہیں جن میں ایک 10 سالہ بچی بھی شامل ہے جس کی شناخت نازیہ کے نام سے ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ 10 سے زائد زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ڈی جی ریسکیو 1122 بریگیڈیئر واجد نے بتایا کہ دھماکا عمارت کی پہلی منزل پر ہوا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا گیس سلنڈر یا گیس کھینچنے والی مشین کے باعث پیش آیا۔
انہوں نے کہا کہ مزید افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے اور ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔
حکام کے مطابق خصوصی آلات کی مدد سے لوہے کو کاٹ کر ملبہ ہٹایا جا رہا ہے تاکہ ممکنہ طور پر پھنسے افراد کو نکالا جا سکے۔ علاقے میں سوگ کی فضا ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











