ترلائی امام بارگاہ سانحہ، شہداء کے ورثاء کو پچاس لاکھ کے چیکس فراہم

اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں واقع خدیجۃ الکبریٰ امام بارگاہ پر چھ فروری کو ہونے والے دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ کو وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے اعلان کردہ امدادی رقوم کے چیکس پیش کر دیے گئے ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے چھتیس شہداء کے ورثاء تک امدادی چیکس باقاعدہ طور پر پہنچا دیے گئے۔ ہر شہید کے خاندان کو وزیر اعظم کے دورے کے دوران اعلان کردہ پچاس لاکھ روپے کا چیک دیا گیا ہے۔
چیکس کی تقسیم کے موقع پر متعلقہ حکام اور انتظامی نمائندے بھی موجود تھے جنہوں نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں : کراچی: سولجر بازار کی رہائشی عمارت میں گیس لیکج سے دھماکا، جاں بحق افراد کی تعداد 13 ہو گئی
حکام کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے علاوہ تونسہ شریف، تلہ گنگ، استور اور اسکردو سے تعلق رکھنے والے چار شہداء کے لواحقین کو بھی امدادی چیکس فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ان خاندانوں تک رقوم کی فراہمی کا عمل جاری ہے تاکہ تمام متاثرین کو بروقت مالی مدد پہنچائی جا سکے۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے گیارہ فروری کو ترلائی امام بارگاہ کے دورے کے موقع پر ہر شہید کے ورثاء کو پچاس لاکھ روپے کی امدادی رقم دینے کا اعلان کیا تھا۔
یاد رہے کہ چھ فروری کو ہونے والے حملے نے پورے ملک کو سوگوار کر دیا تھا۔ عبادت گاہ پر ہونے والے اس واقعے میں متعدد افراد شہید اور زخمی ہوئے تھے، جس کے بعد ملک بھر میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔ سیکیورٹی اداروں نے واقعے کی تحقیقات شروع کیں جبکہ حکومت نے شہداء کے خاندانوں کی فوری مدد کا اعلان کیا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











