ڈٹ کر کھڑا ہے کپتان: رانا ثناء اللہ کے بیان پر رؤف کلاسرا کا معنی خیز تبصرہ

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے انکشاف کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کسی ممکنہ مفاہمت یا ڈیل کے لیے اب تک دو مرتبہ سنجیدہ کوششیں کی جا چکی ہیں، تاہم ہر بار کوئی قابلِ عمل راستہ نکلنے میں ناکامی ہوئی کیونکہ بانی پی ٹی آئی ایسی شرائط پیش کر رہے ہیں جو کسی فریق کے لیے قابلِ قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ شرائط کی نوعیت اس قدر غیر معمولی ہے کہ ان پر عملدرآمد عملی طور پر ممکن نہیں۔ جب تک بانی پی ٹی آئی کو یہ احساس نہیں ہوگا کہ ملک میں کسی قسم کا انقلابی سیاسی منظرنامہ تشکیل نہیں پا رہا، اس وقت تک کسی تیسری کوشش کا کوئی خاطر خواہ فائدہ نہیں ہوگا۔
رانا ثناء اللہ کے اس بیان پر سینیئر صحافی رؤف کلاسرا نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ رانا ثناء اللہ کی سیاسی چلاکیوں کو نہیں سمجھ سکتے، کیونکہ وہ ایک تجربہ کار سیاستدان ہیں۔
رؤف کلاسرا نے کہا کہ رانا ثناء اللہ چاہتے ہیں کہ پی ٹی آئی کے حامیوں میں یہ تاثر جائے کہ ’’کپتان ڈٹ کر کھڑا ہے‘‘ وہ نہ جھکا ہے اور نہ ہی بکا ہے، وہ بہادر انسان تو بات چیت تک کے لیئے تیار نہیں۔ لہذا وہ جیل میں ہی بقیہ زندگی گزارے گا۔
یہ بھی پڑھیں : عمران خان کی صحت پر سیاست نہ کی جائے، 4 ماہ کی غفلت والی بات غلط ہے: رانا ثنااللہ
ان کا کہنا تھا کہ جب مخالف تعریف کرے تو انسانی فطرت ہے کہ وہ زیادہ خوشی محسوس کرتا ہے۔ رانا صاحب یہی کام عمران خان اور ان کے حامیوں کے ساتھ کر رہے ہیں۔
رؤف کلاسرا نے یہ یاد دلایا کہ علیمہ خان نے کہا تھا کہ بتائیں، آپ کیا چاہتے ہیں ہم وہی کرنے کو تیار ہیں، جس کا اسی حکومت اور فوج نے جواب تک نہیں دیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو بھی صحافی، بڑے ٹی وی اینکرز یا یوٹیوبرز یہ بیانہ لے کر چل رہے ہیں کہ ’’ڈٹ کے کھڑا ہے ہمارا کپتان‘‘ وہ بھی دراصل اسٹیبلشمنٹ یا حکومت کی اِس لائن کو پروموٹ کررہے ہیں، تاکہ خان ڈٹا رہے اور جیل میں بقول کچھ یوٹیوبرز کے ’’لمبی گیم ڈال کے بیٹھا رہے‘‘۔
رؤف کلاسرا نے یہ بھی کہا کہ رانا صاحب خان کے ہمدرد نہیں۔ ان کی ذمہ داری یہی ہے کہ کہ انہوں نے ’’گڈ کاپ‘‘ کا کردار ادا کرتے ہوئے خان کو پہاڑ سے نیچے نہیں اترنے دینا اور وہ اپنے مقصد میں کامیاب ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











