اتوار، 1-مارچ،2026
ہفتہ 1447/09/11هـ (28-02-2026م)

صدقہ فطر، فدیہ صوم اور کفارہ صوم کتنا ہوگا؟ مفتی منیب نے اعلان کردیا

21 فروری, 2026 13:11

سابق چیئرمین رویت ہلال کمیٹی اور معروف مذہبی عالم مفتی منیب الرحمان نے رمضان المبارک 1447ھ (2026) کے لیے فطرہ، فدیہ اور کفارہ صوم کی تفصیلی مقدار اور رقوم کا اعلان کر دیا ہے۔

مفتی منیب الرحمان کے مطابق اس سال کم از کم فطرہ فی فرد 300 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ یہ رقم گندم کے نصاب کے مطابق ہے۔ انہوں نے اہلِ ثروت افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی مالی حیثیت کے مطابق جَو، کھجور یا کشمش کے نصاب سے فطرہ اور فدیہ ادا کریں تاکہ مستحقین کو زیادہ بہتر مدد مل سکے۔

گندم کے نصاب کے مطابق دو کلو آٹے کی قیمت 300 روپے بنتی ہے جو فطرہ اور ایک روزے کے فدیہ کے لیے مقرر کی گئی ہے۔ جبکہ چار کلو جَو کے حساب سے فدیہ 1,160 روپے، چار کلو کھجور کے حساب سے 2,800 روپے اور چار کلو کشمش کے حساب سے 7,200 روپے فی شخص ادا کیے جا سکتے ہیں۔

روزہ جان بوجھ کر توڑنے والے افراد کے کفارے کے حوالے سے مفتی صاحب نے کہا کہ اس کا حکم 60 مساکین کو دو وقت کا کھانا کھلانا ہے۔ مالی حساب سے یہ کفارہ گندم کے مطابق 18,000 روپے، جَو کے مطابق 69,600 روپے، کھجور کے مطابق 1,68,000 روپے اور کشمش کے مطابق 4,32,000 روپے بنتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ فدیہ صرف ان افراد کے لیے ہے جو دائمی بیماری یا بڑھاپے کی وجہ سے روزہ نہیں رکھ سکتے اور مستقبل میں بھی روزہ رکھنے کی سکت نہیں رکھتے۔ عارضی بیمار یا مسافر افراد بعد میں قضا روزے ادا کریں گے، ان کے لیے فدیہ ضروری نہیں۔

مزید برآں، جو شخص روزہ شرعی عذر کے بغیر توڑ دے، اس پر کفارہ لازم ہے۔ اس کے لیے اسے 60 مسلسل روزے رکھنے ہوں گے اور ایک روزے کی قضا کرنی ہوگی۔ اگر جسمانی طور پر روزہ رکھنے کی طاقت نہ ہو تو مالی کفارہ ادا کرنا ضروری ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔