ہفتہ، 28-فروری،2026
ہفتہ 1447/09/11هـ (28-02-2026م)

پاکستان کا افغانستان میں موجود فتنہ الخوارج کے سات ٹھکانوں پر حملہ

22 فروری, 2026 09:01

وزارتِ اطلاعات کے مطابق پاکستان نے افغانستان کے مختلف مقامات پر دہشت گردوں کے سات ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔

وزارتِ اطلاعات و نشریات کے جاری بیان کے مطابق یہ کارروائیاں مصدقہ اطلاعات اور ناقابلِ تردید شواہد کی بنیاد پر کی گئیں۔ حالیہ خودکش دھماکوں اور دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی افغانستان میں موجود عناصر کی قیادت میں کی گئی۔

پاکستان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے ایک امام بارگاہ، باجوڑ اور بنوں میں ہونے والے دھماکوں کے پیچھے افغانستان میں موجود خوارج قیادت ملوث ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بنوں میں پیش آنے والا واقعہ بھی انہی عناصر کی ہدایات کا نتیجہ تھا۔ خوارج نے افغانستان میں مقیم اپنی قیادت اور معاونین کی ہدایت پر یہ حملے کیے۔

وزارتِ اطلاعات نے واضح کیا کہ کارروائی کے دوران پاکستانی طالبان اور اس کے اتحادی گروہوں کو نشانہ بنایا گیا۔ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مکمل درستگی اور بھرپور اہلیت کے ساتھ نشانہ بنایا گیا تاکہ معصوم جانوں کو نقصان سے بچایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : بنوں خودکش حملہ؛ تانے بانے افغانستان میں موجود خارجی حافظ گل بہادر سے جا ملے

پاکستان نے ایک بار پھر افغان طالبان حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان طالبان حکومت کو بارہا اس حوالے سے آگاہ کیا گیا لیکن دہشت گرد عناصر کے خلاف کوئی مؤثر کارروائی سامنے نہیں آئی۔

پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دوحہ معاہدے پر عملدرآمد یقینی بنانے میں کردار ادا کرے تاکہ خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔

وزارتِ اطلاعات کے مطابق پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن اور استحکام کے قیام کے لیے سنجیدہ کوششیں کی ہیں اور آئندہ بھی قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھے گا۔

مقامی افغان ذرائع کا کہنا ہے کہ پکتیکا، برمل، ننگرہار اور خوگیانی کے اضلاع میں ہونے والی یہ کارروائیاں شدت کے اعتبار سے غیر معمولی تھیں اور ان میں بھاری جانی نقصان کی اطلاعات ہیں۔ تاہم سرکاری سطح پر نقصانات کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔