ہفتہ، 22-اگست،2026
ہفتہ 1448/03/09هـ (22-08-2026م)

کراچی کیلئے جلد 500 الیکٹرک بسیں دستیاب ہوں گی، شرجیل میمن

22 اگست, 2026 16:41

سینئر وزیر سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ کراچی کیلئے جلد 500 الیکٹرک بسیں دستیاب ہوں گی۔

سینئر وزیر سندھ شرجیل میمن نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی روڈ پر کام تیزی سے جاری ہے، واٹر بورڈ اور تمام ادارے اپنا کام کررہے ہیں، بی آر ٹی مکمل کرکے عوام کو اسٹیٹ آف دی آرٹ سہولت دے رہے ہیں، کراچی کیلئے جلد 500الیکٹرک بسیں دستیاب ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ 21لاکھ گھروں کا منصوبہ تیزی سے جاری ہے، سندھ کے لوگوں کو اسٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات میسر ہیں، سندھ واحد صوبہ ہے جہاں حقیقی معنوں میں کام ہورہا ہے، سندھ حکومت بہت عرصے قبل ہی ایئر ایمبولینس سروس شروع کرچکی، پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت معاشی انقلاب لائی۔

    شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ملک کیلئے جو کیا اس کی مثال نہیں ملتی،  پیپلز پارٹی  واحد جماعت ہے جس کی جڑیں پورے ملک میں موجود ہیں، پیپلز پارٹی عوامی خدمت سے اپنی مقبولیت میں اضافہ کررہی ہے، باقی پارٹی صرف اپنے علاقوں اور ذاتی مفادات تک محدود ہیں۔

 سینئر وزیر سندھ شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کبھی بیک ڈور سے اقتدار میں نہیں آئی، ہم کبھی کسی کی منتیں کرکے حکومت میں نہیں آئے، سب سے سستی بجلی کوئلے سے پیدا ہوتی ہے،  تھرکول پروجیکٹ پر ایک ارب ڈالر سے زائد خرچ کیے، پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس نے بلدیاتی انتخابات کروائے۔

انہوں نے کہا کہ دیگر صوبوں میں شکست کے خوف سے بلدیاتی انتخابات نہیں کروائے جاتے، ایم کیو ایم شکست کے خوف سے بلدیاتی انتخابات سے بھاگی، ایم کیو ایم  نے کراچی میں خوف کا ماحول پیدا کیا، ایم کیو ایم کی وجہ سے کراچی کے محکموں میں دہشت گردوں کو بھرتی کیا گیا، بائیو میٹرک کے بعد معلوم ہوا ہزاروں ملازمین ڈبل تنخواہیں لے رہے تھے، ایم کیو ایم نے اپنے دور حکومت میں فٹ پاتھ تک فروخت کردیے، سندھ حکومت کی بنائی گئی شاہراہ بھٹو پر عوام کا رش دیکھیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔