کراچی : نارتھ ناظم آباد میں گیس سلنڈر دھماکہ، ایک بچہ جاں بحق، 4 زخمی

کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد حیدری کے قریب واقع ایک رہائشی عمارت میں گیس سلنڈر کے دھماکے کے باعث اچانک آگ بھڑک اٹھی جس پر بعد ازاں قابو پا لیا گیا۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
اطلاعات کے مطابق آگ عمارت کی نویں منزل پر لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے دسویں فلور کے متعدد فلیٹس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ریسکیو اہلکاروں اور فائر بریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور عمارت کو فوری طور پر خالی کروا لیا گیا تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : کراچی: سولجر بازار کی رہائشی عمارت میں گیس لیکج سے دھماکا، جاں بحق افراد کی تعداد 16 ہو گئی
واقعے میں آگ سے جھلس کر ایک بچہ جاں بحق ہو گیا جبکہ ایک خاتون اور ایک بچی سمیت چار افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
شدید گرمی اور دھوئیں کے باعث عمارت کے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ آگ کے اثرات صرف عمارت تک محدود نہ رہے بلکہ متصل خالی پلاٹ میں کھڑی کئی گاڑیاں بھی نقصان کا شکار ہو گئیں۔
حکام کے مطابق آگ پر مکمل قابو پا لیا گیا ہے اور واقعے کی وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے۔ علاقے میں امدادی سرگرمیاں جاری رہیں جبکہ متاثرہ خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











