ہفتہ، 28-فروری،2026
ہفتہ 1447/09/11هـ (28-02-2026م)

فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں پر کارروائی سے شہداء کے خون کا حساب چکا دیا : طارق فضل چودھری

22 فروری, 2026 11:31

وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف سازشوں کا جال بُننے والوں کو اب واضح پیغام مل چکا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ سرزمین کمزور نہیں بلکہ شہداء کے لہو سے مضبوط ہوئی ہے اور دشمن کو اس حقیقت کا ادراک ہو جانا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نے افغانستان میں فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں پر مؤثر کارروائی کی۔ یہ اُن معصوم جانوں کا بدلہ ہے جو دہشت گردی کی آگ میں جھونک دی گئیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ صرف ایک کارروائی نہیں تھی بلکہ ہر اُس ماں کے آنسوؤں کا جواب تھا جس نے اپنے بیٹے کو وطن پر قربان کیا اور ہر اُس بچے کے خوابوں کا دفاع تھا جو ایک محفوظ پاکستان دیکھنا چاہتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان کا افغانستان میں موجود فتنہ الخوارج کے سات ٹھکانوں پر حملہ

طارق فضل چودھری نے مزید کہا کہ کوئی پاکستان کو کمزور سمجھنے کی غلطی نہ کرے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جو عناصر ملک کی سلامتی کے خلاف سرگرم ہوں گے وہ بچ نہیں پائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امن کا خواہاں ضرور ہے مگر اپنی سرزمین، عوام اور قومی وقار پر کبھی سمجھوتا نہیں کرے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ جو پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے گا اسے نیست و نابود کر دیا جائے گا۔ ان کے مطابق یہ وطن ہماری پہچان، ہماری غیرت اور ہمارا ایمان ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان پہلے بھی تھا، پاکستان آج بھی ہے اور پاکستان ہمیشہ رہے گا، کیونکہ پاکستان سب سے پہلے ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔