ہفتہ، 28-فروری،2026
ہفتہ 1447/09/11هـ (28-02-2026م)

پنجاب میں اقلیتوں کی جائیدادوں کے تحفظ کے لیے نیا قانون تیار

22 فروری, 2026 15:22

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب میں بسنے والی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے گرجا گھروں، گردواروں اور مندروں سمیت تمام اقلیتی اداروں کی مشترکہ جائیدادوں کو محفوظ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس مقصد کے لیے پنجاب اسمبلی میں "اقلیتوں کی مشترکہ جائیدادوں کے تحفظ کا بل برائے سال دو ہزار چھبیس” جمع کروا دیا گیا ہے۔

اس قانون کے تحت نہ صرف عبادت گاہیں بلکہ حکومتی گرانٹ، عطیات اور غیر ملکی فنڈنگ سے چلنے والے فلاحی ادارے بھی مشترکہ جائیداد تصور کیے جائیں گے اور کوئی بھی فرد واحد ان کی ملکیت کا دعویٰ نہیں کر سکے گا۔

نئے قانون کے تحت ایک بااختیار صوبائی ایکشن کمیٹی قائم کی جائے گی، جس کا سربراہ وزیراعلیٰ کا نامزد کردہ کوئی اقلیتی رکنِ اسمبلی ہوگا۔ اس کمیٹی میں انسانی حقوق، قانون، ریوینیو اور پولیس کے اعلیٰ حکام شامل ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں : ہندوتوا سیاست کے سائے میں اقلیتیں، امریکی کمیشن کی بھارت سے متعلق سخت رپورٹ

یہ کمیٹی صوبے بھر میں اقلیتی جائیدادوں کا ریکارڈ مرتب کرے گی اور غیر قانونی قبضوں یا تجاوزات کے خلاف کارروائی کرے گی۔

قانون کے مطابق حکومت کی اجازت کے بغیر ایسی جائیدادوں کی فروخت، منتقلی یا لیز کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہوگی اور اس جرم میں ملوث افراد کو سات سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا دی جا سکے گی۔

وہ تمام جائیدادیں جو فی الوقت کسی فرد کے نام پر ہیں، انہیں چھ ماہ کے اندر مشترکہ ملکیت میں منتقل کرنا لازمی ہوگا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔