ہفتہ، 28-فروری،2026
ہفتہ 1447/09/11هـ (28-02-2026م)

سی ٹی ڈی کی بنوں ریجن میں کارروائی، اہم کمانڈر سمیت دو دہشت گرد ہلاک

22 فروری, 2026 15:57

کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ بنوں ریجن کی تفتیشی ٹیم نے دہشت گردوں کا بڑا حملہ ناکام بناتے ہوئے مقابلے کے بعد 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ٹیم شمالی وزیرستان کے اسسٹنٹ کمشنر شاہ ولی خان پر ہونے والے حملے کے مقام کی نشاندہی کے لیے کارروائی مکمل کر رہی تھی۔

اس دوران دہشت گردوں نے اپنے زیر حراست ساتھی کو چھڑانے کے لیے پولیس ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دو طرفہ فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا۔

دہشت گردوں کی اپنی ہی فائرنگ کے نتیجے میں زیر حراست اہم کمانڈر اسامہ عرف دانیال عرف باغی ہلاک ہو گیا۔ ہلاک ہونے والا کمانڈر نئی دہشت گرد تنظیم اتحاد المجاہدین پاکستان کا سرگرم رکن اور کئی کارروائیوں کا ماسٹر مائنڈ تھا۔

پولیس کی موثر جوابی کارروائی میں حملہ آوروں کا ایک اور ساتھی کامیاب خان عرف اخلاص یار بھی مارا گیا، جس کا تعلق شمالی وزیرستان کے علاقے شیواہ سے تھا۔

یہ بھی پڑھیں : بنوں خودکش حملہ؛ تانے بانے افغانستان میں موجود خارجی حافظ گل بہادر سے جا ملے

ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے کلاشنکوف، دستی بم، موبائل فون اور کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کا شناختی کارڈ بھی برآمد ہوا ہے۔

مقابلے کے بعد دیگر دہشت گرد اپنے زخمی ساتھیوں کو لے کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جبکہ جائے وقوعہ پر خون کے کثیر نشانات پائے گئے ہیں۔

انسپکٹر جنرل خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل آئی جی کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے پولیس جوانوں کی بہادری کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی ہے۔

آئی جی پی کا کہنا تھا کہ دہشت گرد کسی کے ہمدرد نہیں ہیں اور اپنے مفاد کی خاطر اپنے ہی ساتھیوں پر گولیاں چلا دیتے ہیں، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ امن و امان کے قیام کے لیے اپنے محافظوں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔