ہفتہ، 28-فروری،2026
ہفتہ 1447/09/11هـ (28-02-2026م)

شناختی کارڈ سے محروم شہریوں کیلئے خوشخبری؛ نادرا کا اہم اعلان

23 فروری, 2026 08:14

نادرا نے شناختی کارڈ سے محروم شہریوں کے لیے ایک اہم سہولت متعارف کروا دی ہے۔

 اب پیدائشی سرٹیفکیٹ نہ ہونے کی صورت میں بھی شناختی کارڈ بنوانا ممکن ہوگا۔ یہ سہولت پہلی بار رجسٹریشن کروانے والوں کے لیے دی گئی ہے۔ نادرا حکام کے مطابق یہ اقدام 31 دسمبر 2026 تک مؤثر رہے گا۔ اس دوران درخواست گزار کی شناخت متبادل طریقوں سے جانچی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو قومی شناخت میسر آ سکے۔

نادرا کے ترجمان کے مطابق شادی شدہ خواتین، جن کی عمر 18 سال یا اس سے زیادہ ہے، نکاح نامہ جمع کروائیں گی۔ اس کے ساتھ والد یا والدہ اور شوہر کا شناختی کارڈ موجود ہونا ضروری ہوگا۔ ان سب کی بائیومیٹرک تصدیق بھی لازم قرار دی گئی ہے۔ اس طریقہ کار کا مقصد جعلی اندراج کو روکنا اور درست معلومات کو یقینی بنانا ہے۔

اسی طرح 24 سال یا اس سے زیادہ عمر کے مردوں کے لیے شرط رکھی گئی ہے کہ ان کے والد یا والدہ اور کسی ایک بہن یا بھائی کا شناختی کارڈ موجود ہو۔ والدین میں سے کم از کم ایک کی بائیومیٹرک تصدیق ضروری ہوگی۔ اگر والدین اور شوہر دونوں وفات پا چکے ہوں لیکن نادرا کے ریکارڈ میں اندراج موجود ہو تو بائیومیٹرک کی شرط میں نرمی دی جا سکتی ہے۔

نادرا کا کہنا ہے کہ پہلی بار نان اسمارٹ شناختی کارڈ بغیر فیس کے جاری کیا جائے گا۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ رجسٹریشن کے وقت درست معلومات فراہم کریں۔ ولدیت، تاریخ پیدائش اور جائے پیدائش میں بعد میں تبدیلی کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس لیے فارم پُر کرتے وقت خاص احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔

یہ سہولت وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر متعارف کروائی گئی ہے۔ نادرا اتھارٹی بورڈ نے بھی اس کی منظوری دے دی ہے۔ حکام کے مطابق یہ اقدام نادرا آرڈیننس اور شناختی کارڈ کے قواعد کے تحت کیا گیا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔