کوہاٹ میں پولیس موبائل پر خونریز حملہ، ڈی ایس پی سمیت پانچ اہلکار شہید

کوہاٹ کے علاقے شکردرہ روڈ پر دہشت گردوں نے پولیس موبائل کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی لاچی اسد محمود سمیت پانچ افراد شہید ہو گئے، جبکہ مزید ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے اور اموات میں اضافے کا اندیشہ موجود ہے۔ واقعے کے فوری بعد کوہاٹ پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق دہشت گردوں نے اچانک حملہ کیا، جس کے باعث پولیس موبائل کو شدید نقصان پہنچا۔ شہید ہونے والوں میں ڈی ایس پی اسد محمود اور چار اہلکار شامل ہیں، جنہوں نے دورانِ ڈیوٹی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کراچی میں دہشت گردی کا خطرہ، سیکیورٹی ہائی الرٹ
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کوہاٹ میں پولیس کی گاڑی پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید ڈی ایس پی اسد محمود اور تمام اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے شہداء کے خاندانوں سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ ڈی ایس پی اسد محمود اور ان کے ساتھیوں نے شہادت کا عظیم رتبہ پایا ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ شہید افسر اور اہلکاروں نے اپنا آج قوم کے کل پر قربان کیا اور ان کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ دکھ کی اس گھڑی میں حکومت شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور دہشت گردوں کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر ناکہ بندی بھی کی گئی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











