ہفتہ، 28-فروری،2026
ہفتہ 1447/09/11هـ (28-02-2026م)

لاہور؛ قبضہ مافیا اور پٹواریوں کا گٹھ جوڑ بے نقاب، سی سی ڈی سے احتساب کی اپیل

25 فروری, 2026 08:03

لاہور: شہر کے مختلف علاقوں میں قبضہ مافیا اور محکمہ مال کے بعض اہلکاروں، خصوصاً پٹواریوں، کے مبینہ گٹھ جوڑ کا انکشاف ہوا ہے جس کے نتیجے میں قیمتی سرکاری اور نجی اراضی پر غیر قانونی قبضوں کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے۔

متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ بااثر افراد مبینہ طور پر محکمہ مال کے اہلکاروں کی ملی بھگت سے زمینوں کا ریکارڈ تبدیل کروا کر جعلی انتقالات اور فردات جاری کرواتے ہیں۔ شہریوں نے الزام عائد کیا کہ شکایات کے باوجود ضلعی انتظامیہ خاطر خواہ کارروائی نہیں کر رہی۔

ذرائع کے مطابق چند روز قبل متاثرین نے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب میں درخواست جمع کروائی ہے جس میں متعلقہ اہلکاروں اور بااثر افراد کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ اگر شفاف تحقیقات نہ کی گئیں تو وہ احتجاج کا دائرہ وسیع کریں گے۔

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کے ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ معاملے کی ابتدائی جانچ شروع کر دی گئی ہے اور اگر کسی اہلکار کے ملوث ہونے کے شواہد ملے تو سخت کارروائی کی جائے گی۔

ماہرین قانون کے مطابق قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کے لیے زمینوں کے ریکارڈ کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کرنا اور نگرانی کے نظام کو مؤثر بنانا ناگزیر ہے تاکہ کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا سدباب کیا جا سکے۔

شہری حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اراضی ریکارڈ کے نظام میں شفافیت لائی جائے اور ملوث عناصر کو قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو سکے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔