بانی پی ٹی آئی کی شفا اسپتال منتقلی کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر

سپریم کورٹ آف پاکستان میں بانی پاکستان تحریک انصاف کی اسپتال منتقلی اور علاج سے متعلق ایک اہم درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
درخواست میں عدالت عظمیٰ سے استدعا کی گئی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو فوری طور پر اسلام آباد کے معروف شفا اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا جائے تاکہ ان کا مکمل اور تسلی بخش طبی معائنہ ممکن بنایا جا سکے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو آنکھوں کے مسائل درپیش ہیں، اس لیے ماہر امراض چشم کے ذریعے ان کا تفصیلی معائنہ کرایا جائے۔
مزید کہا گیا ہے کہ ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر عاصم یوسف کو فوری رسائی دی جائے تاکہ وہ اپنی نگرانی میں ان کا طبی معائنہ اور علاج یقینی بنا سکیں۔
یہ بھی پڑھیں : بانی پی ٹی آئی کا ایکس اکاؤنٹ بند کرنے کی درخواست پر حتمی دلائل طلب
درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو مناسب طبی سہولیات کی فراہمی ان کا بنیادی حق ہے اور انہیں ان کے معالجین سے دور رکھنا نہ صرف غیر مناسب بلکہ انسانی حقوق کے تقاضوں کے بھی منافی ہے۔
عدالت سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا علاج ان کے ذاتی ڈاکٹروں کی نگرانی میں کروانے کے احکامات جاری کیے جائیں تاکہ کسی بھی ممکنہ پیچیدگی سے بچا جا سکے۔
یہ درخواست بانی پی ٹی آئی کے وکلا لطیف کھوسہ، شہباز کھوسہ اور حمزہ ستار کی جانب سے دائر کی گئی ہے، جس میں عدالت عظمیٰ سے فوری سماعت کی استدعا بھی شامل ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












