لاہور میں بسنت کے دوران 17 افراد جاں بحق ہوئے، عدالت میں رپورٹ جمع

لاہور ہائی کورٹ میں بسنت کے دوران ہونے والی اموات سے متعلق ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے تفصیلی رپورٹ جمع کرا دی گئی ہے۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بسنت کے دوران مختلف حادثات میں مجموعی طور پر 17 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ تین افراد کرنٹ لگنے اور دو افراد درخت سے گر کر جاں بحق ہوئے۔
سب سے زیادہ اموات چھتوں سے گرنے کے باعث ہوئیں، جہاں 12 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ عدالت میں پیش کی گئی دستاویزات کے مطابق یہ تمام واقعات بسنت کے دوران پیش آئے جب شہری پتنگ بازی اور دیگر سرگرمیوں میں مصروف تھے۔
یہ بھی پڑھیں : بسنت کے موقع پر لاہور میں 4 دن میں ایک ارب 22 کروڑ سے زائد کی ڈور گڈی فروخت
جسٹس اویس خالد نے جوڈیشل ایکٹوزم پینل سمیت دیگر درخواستوں پر سماعت کی۔ درخواستوں میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ بسنت کے دوران ہونے والی تمام اموات اور زخمیوں کی مکمل تفصیلات فراہم کی جائیں تاکہ ذمہ داری کا تعین کیا جا سکے اور آئندہ ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔
عدالت نے بسنت کے دوران ڈور پھرنے سے زخمی ہونے والے افراد کی مکمل تفصیلات بھی طلب کر لی ہیں۔ درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق نے مؤقف اختیار کیا کہ ڈور پھرنے سے زخمی ہونے والے افراد کا مکمل ڈیٹا فراہم نہیں کیا گیا، جس کے باعث اصل صورتحال سامنے نہیں آ سکی۔
سماعت کے دوران عدالت نے واضح کیا کہ انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے اور ایسے تہواروں کے دوران حفاظتی انتظامات اور حکومتی ذمہ داریوں کا مکمل جائزہ لیا جانا ضروری ہے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر متعلقہ حکام سے مزید تفصیلات طلب کرتے ہوئے کارروائی ملتوی کر دی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












