ہفتہ، 28-فروری،2026
ہفتہ 1447/09/11هـ (28-02-2026م)

برطانیہ جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کے لئے بڑی خوشخبری

26 فروری, 2026 08:20

British High Commission Islamabad نے اعلان کیا ہے کہ پاکستانی شہری اب برطانیہ جانے کے لیے ای ویزا سسٹم استعمال کرسکیں گے اور پاسپورٹ پر ویزا اسٹیکر لگوانے کی شرط ختم کردی گئی ہے۔ یہ سہولت سیاحت، کاروبار اور فیملی وزٹ کے ویزوں پر لاگو ہوگی۔

ہائی کمیشن کے مطابق ویزا درخواست پہلے کی طرح آن لائن جمع کرانا ہوگی جبکہ بائیومیٹرکس کے لیے ویزا سینٹر جانا ضروری ہوگا۔ تاہم منظوری کے بعد پاسپورٹ واپس لینے کے لیے دوبارہ سینٹر جانے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کامیاب درخواست گزاروں کو اپنی امیگریشن اسٹیٹس کی ڈیجیٹل تصدیق ای میل کے ذریعے موصول ہوگی۔ درخواست گزار شیئر کوڈ کے ذریعے اپنی ویزا حیثیت ثابت کرسکیں گے۔

برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ نئے نظام سے ویزا پراسیسنگ کے وقت، اہلیت اور دیگر شرائط میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

اس اقدام کا مقصد نظام کو مزید آسان اور محفوظ بنانا ہے تاکہ دستاویزات کے ضائع یا خراب ہونے کے خدشات کم ہوں۔

واضح رہے کہ ای ویزا سہولت اس سے قبل طلبہ اور ورک ویزا کے لیے متعارف کرائی جاچکی ہے جبکہ موجودہ اسٹیکر ویزا رکھنے والوں پر نئی پالیسی کا اطلاق نہیں ہوگا۔ حکام نے درخواست گزاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایجنٹس کے بجائے براہ راست اپنی درخواست جمع کرائیں تاکہ عمل شفاف اور آسان بنایا جاسکے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔