خونریزی جاری رہی تو کوئی بھی ہماری پہنچ سے دور نہیں ہوگا : صدر

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے افغان طالبان کی بلا اشتعال کارروائی کے خلاف پاکستانی مسلح افواج کے بھرپور جواب کو سرہایا ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ جو لوگ پاکستان کی امن پسندی کو کمزوری سمجھتے ہیں انہیں سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا اور اگر خونریزی کا سلسلہ جاری رہا تو کوئی بھی ہماری پہنچ سے دور نہیں ہوگا۔
صدر زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان بخوبی جانتا ہے کہ تشدد کے ماسٹر مائنڈ، سہولت کار اور سرپرست کہاں سے آپریٹ کر رہے ہیں، لہٰذا اگر یہ سلسلہ بند نہ ہوا تو ذمہ دار عناصر بچ نہیں سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اور اس کی دلیر مسلح افواج وطن کی سرحدوں اور سالمیت کی حفاظت کے لیے ڈھال کی طرح کھڑی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ملکی دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ہر جارحیت کا کچلنے والا جواب دیں گے: وزیرِ اعظم
صدر نے واضح کیا کہ پاکستان کسی بھی قیمت پر اپنے امن، استحکام یا علاقائی سالمیت پر سمجھوتہ نہیں کرے گا اور کسی کو یہ غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے کہ یہ ملک کسی دباؤ یا دھمکی کے آگے جھک جائے گا۔
انہوں نے سیکیورٹی فورسز کے بروقت اور فیصلہ کن اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہماری افواج دشمن کے ناپاک عزائم کو ختم کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔
صدر زرداری نے یاد دلایا کہ آٹھ فروری کو اسلام آباد کی مسجد میں ہونے والے خودکش حملے کے بعد انہوں نے طالبان حکومت کو سخت وارننگ دی تھی اور بائیس فروری کو بھی اپنا پیغام پہنچا دیا تھا۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ گزشتہ پانچ سالوں سے طالبان حکومت تحریکِ طالبان پاکستان کے دہشت گردوں کے ذریعے اپنے محسن ملک پاکستان کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث ہے اور تمام تر سفارتی کوششیں ناکام ہو چکی ہیں، اب انہوں نے بین الاقوامی سرحد عبور کر کے پاکستان کی سالمیت کو چیلنج کیا ہے، جس کا جواب دیا جا رہا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











