ہفتہ، 28-فروری،2026
ہفتہ 1447/09/11هـ (28-02-2026م)
تازہ ترین خبریں

نئی ٹیکسی اسکیم کا افتتاح!! مرد و خواتین اپلائی کیسے کر سکتے ہیں؟ مکمل طریقہ جانیں

27 فروری, 2026 09:49

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آج صوبے میں پہلی مرتبہ متعارف کروائی گئی ای ٹیکسی اسکیم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس اسکیم کا مقصد نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا، خواتین کو خودمختار بنانا اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو فروغ دینا ہے۔

اسکیم کے پہلے مرحلے میں 1100 الیکٹرک ٹیکسیاں فراہم کی جائیں گی۔ ان میں سے 30 فیصد کو خواتین کے لیے مخصوص رکھا گیا ہے۔ خواتین ڈرائیورز کی گاڑیوں کا رنگ الگ ہوگا تاکہ انہیں آسانی سے پہچانا جا سکے۔ حکومت پنجاب مرد ڈرائیورز کے لیے 50 فیصد اور خواتین کے لیے 60 فیصد ڈاؤن پیمنٹ ادا کرے گی۔

علاوہ ازیں گاڑیوں کی رجسٹریشن، فٹنس ٹیسٹ اور ٹوکن ٹیکس کی فیس بھی حکومت برداشت کرے گی۔ باقی رقم پانچ سالہ آسان اقساط میں ادا کی جائے گی تاکہ ڈرائیورز پر مالی بوجھ کم رہے۔

اہلیت کے لیے ضروری ہے کہ درخواست گزار پنجاب کا رہائشی ہو، اس کے پاس درست شناختی کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس اور دیگر مطلوبہ دستاویزات ہوں۔ درخواستیں آن لائن پورٹل کے ذریعے وصول کی جائیں گی اور انتخاب شفاف قرعہ اندازی یا مقررہ معیار کے مطابق کیا جائے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ای ٹیکسیوں میں جدید سہولیات، ڈیجیٹل ادائیگی کا نظام اور سکیورٹی فیچرز شامل ہوں گے۔ مختلف شہروں میں چارجنگ اسٹیشنز بھی قائم کیے جائیں گے۔ اس منصوبے سے نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ ایندھن کی بچت اور ماحولیاتی آلودگی میں بھی کمی آئے گی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو باعزت روزگار دینا چاہتی ہے اور یہ اسکیم خودمختاری کی طرف ایک عملی قدم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کو معاشی طور پر مضبوط بنانا حکومت کی ترجیح ہے اور یہ منصوبہ نئے پاکستان کی جدید اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کی بنیاد رکھے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔